تجھ سے گرویدہ یک زمانہ رہا

تجھ سے گرویدہ یک زمانہ رہا
by حسرت موہانی
297283تجھ سے گرویدہ یک زمانہ رہاحسرت موہانی

تجھ سے گرویدہ یک زمانہ رہا
کچھ فقط میں ہی مبتلا نہ رہا

آپ کو اب ہوئی ہے قدر وفا
جب کہ میں لائق جفا نہ رہا

راہ و رسم وفا وہ بھول گئے
اب ہمیں بھی کوئی گلہ نہ رہا

حسن خود ہو گیا غریب نواز
عشق محتاج التجا نہ رہا

بسکہ نظارہ سوز تھا وہ جمال
ہوش نظارگی بجا نہ رہا

میں کبھی تجھ سے بد گماں نہ ہوا
تو کبھی مجھ سے آشنا نہ رہا

آپ کا شوق بھی تو اب دل میں
آپ کی یاد کے سوا نہ رہا

اور بھی ہو گئے وہ غافل خواب
نالۂ صبح نارسا نہ رہا

حسن کا ناز عاشقی کا نیاز
اب تو کچھ بھی وہ ماجرا نہ رہا

عشق جب شکوہ سنج حسن ہوا
التجا ہو گئی گلہ نہ رہا

ہم بھروسے پہ ان کے بیٹھ رہے
جب کسی کا بھی آسرا نہ رہا

میرے غم کی ہوئی انہیں بھی خبر
اب تو یہ درد لا دوا نہ رہا

آرزو تیری برقرار رہے
دل کا کیا ہے رہا رہا نہ رہا

ہو گئے ختم مجھ پہ جور فلک
اب کوئی مورد بلا نہ رہا

جب سے دیکھی ابوالکلام کی نثر
نظم حسرتؔ میں بھی مزا نہ رہا


This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.