آؤ بے پردہ تمہیں جلوۂ پنہاں کی قسم
آؤ بے پردہ تمہیں جلوۂ پنہاں کی قسم
ہم نہ چھیڑیں گے ہمیں زلف پریشاں کی قسم
چاک داماں کی قسم چاک گریباں کی قسم
ہنسنے والے تجھے اس حال پریشاں کی قسم
میرے ارمان سے واقف نہیں شرمائیں گے آپ
آپ کیوں کھاتے ہیں ناحق مرے ارماں کی قسم
نیند آئے نہ کبھی تجھ سے بچھڑ کر ظالم
اپنی آنکھوں کی قسم تیرے شبستاں کی قسم
لب جاناں پہ فدا عارض جاناں کے نثار
شام رنگیں کی قسم صبح درخشاں کی قسم
آج تک صبح وطن یاد ہے ہم کو اخترؔ
درد ہجراں کی قسم شام غریباں کی قسم
This work is now in the public domain in Pakistan because it originates from Pakistan and its term of copyright has expired. According to Pakistani copyright laws, all photographs enter the public domain fifty years after they were published, and all non-photographic works enter the public domain fifty years after the death of the creator. |