آتش عشق سوں جو جلتا ہے

آتش عشق سوں جو جلتا ہے
by داؤد اورنگ آبادی
311850آتش عشق سوں جو جلتا ہےداؤد اورنگ آبادی

آتش عشق سوں جو جلتا ہے
وہ سدا مثل شمع گلتا ہے

تھام کیوں کر سکوں وفور سرشک
بحر دل غم ستی ابلتا ہے

بحر دل میں ہے گرچہ گوہر اشک
صدف چشم سوں نکلتا ہے

روز بد کوئی رفیق نیں کس کا
سایہ وقت زوال ڈھلتا ہے

جب سوں روشن ہے مجھ سخن کا شمع
رشک سیتیں سراجؔ جلتا ہے

شعر داؤدؔ کا مثال خار
حاسدوں کے جگر میں سلتا ہے


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.