اس گل کو بھیجنا ہے مجھے خط صبا کے ہاتھ

اس گل کو بھیجنا ہے مجھے خط صبا کے ہاتھ
by مظہر جان جاناں
296858اس گل کو بھیجنا ہے مجھے خط صبا کے ہاتھمظہر جان جاناں

اس گل کو بھیجنا ہے مجھے خط صبا کے ہاتھ
اس واسطے لگا ہوں چمن کی ہوا کے ہاتھ

برگ حنا اوپر لکھو احوال دل مرا
شاید کہ جا لگے وہ کسی میرزا کے ہاتھ

آزاد ہو رہا ہوں دو عالم کی قید سے
مینا لگا ہے جب سے کہ کچھ بے نوا کے ہاتھ

مرتا ہوں میرزائی گل دیکھ ہر سحر
سورج کے ہاتھ چونری تو پنکھا صبا کے ہاتھ

مظہرؔ چھپا کے رکھ دل نازک کو اپنے تو
یہ شیشہ بیچنا ہے کسی میرزا کے ہاتھ


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.