اشک مژگان تر کی پونجی ہے

اشک مژگان تر کی پونجی ہے
by انشاء اللہ خان انشا
294629اشک مژگان تر کی پونجی ہےانشاء اللہ خان انشا

اشک مژگان تر کی پونجی ہے
یہ ثمر اس شجر کی پونجی ہے

آہ کو مت حقیر جان یہی
دودمان اثر کی پونجی ہے

جو گھڑی یاد میں تری کٹ جائے
وہ ہی آٹھوں پہر کی پونجی ہے

جلوۂ یار ہے عزیز بہت
یہی اہل نظر کی پونجی ہے

جلد اچھا ہو یہ تعالیٰ اللہ
یہی انشاؔ کے گھر کی پونجی ہے

تیری بخشی ہوئی خداوندا
میری یہ عمر بھر کے پونجی ہے

میں ترے صدقے بس یہی میرے
دل و جان و جگر کی پونجی ہے


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.