الجھا دل ستم زدہ زلف بتاں سے آج

الجھا دل ستم زدہ زلف بتاں سے آج
by امانت لکھنوی
303618الجھا دل ستم زدہ زلف بتاں سے آجامانت لکھنوی

الجھا دل ستم زدہ زلف بتاں سے آج
نازل ہوئی بلا مرے سر پر کہاں سے آج

تڑپوں گا ہجر یار میں ہے رات چودھویں
تن چاندنی میں ہوگا مقابل کتاں سے آج

دو چار رشک ماہ بھی ہم راہ چاہئیں
وعدہ ہے چاندنی میں کسی مہرباں سے آج

ہنگام وصل رد و بدل مجھ سے ہے عبث
نکلے گا کچھ نہ کام نہیں اور ہاں سے آج

قعر بدن میں روح پکاری یہ وقت نزع
مدت کے بعد اٹھتے ہیں ہم اس مکاں سے آج

کھینچی ہے چرخ نے بھی کسی مانگ کی شبیہ
ثابت ہوئی یہ بات مجھے کہکشاں سے آج

اندھیر تھا نگاہ امانتؔ میں شام سحر
تم چاند کی طرح نکل آئے کہاں سے آج

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse