الٰہی خیر ہو وہ آج کیوں کر تن کے بیٹھے ہیں

الٰہی خیر ہو وہ آج کیوں کر تن کے بیٹھے ہیں
by سردار گینڈا سنگھ مشرقی
304211الٰہی خیر ہو وہ آج کیوں کر تن کے بیٹھے ہیںسردار گینڈا سنگھ مشرقی

الٰہی خیر ہو وہ آج کیوں کر تن کے بیٹھے ہیں
کسی کے قتل کرنے کو بھبھوکا بن کے بیٹھے ہیں

سبک سر ہے وہی جو دوسروں کے گھر پہ جاتا ہے
جو اپنے گھر میں بیٹھے ہیں وہ لاکھوں من کے بیٹھے ہیں

غضب ہے قہر ہے شامت ہے آفت ہے قیامت ہے
بغل میں وہ عدو کے آج کیوں بن ٹھن کے بیٹھے ہیں

کہیں کیا مدعا اپنا سنائیں راز دل کیوں کر
ہمارے سامنے کچھ آدمی دشمن کے بیٹھے ہیں

مزہ کنج لحد میں کیوں نہ لوں میں ساغر مل کا
کہ بادہ خوار پاس آ کر مرے مدفن کے بیٹھے ہیں

خدا کے واسطے ان کو نکل کر جلوہ دکھلا دو
کہ خواہش مند کوچہ میں ترے چتون کے بیٹھے ہیں

ہیں پیاسے ہم تو مدت کے پلا دے جام مے ساقی
وہ جب چاہیں پئیں جو منتظر ساون کے بیٹھے ہیں

طبیعت ہو تو ایسی ہو جو عادت ہو تو ایسی ہو
ابھی وہ تن کے بیٹھے تھے ابھی وہ من کے بیٹھے ہیں

اگر رغبت نہ ہو اس دہر میں موذی کو موذی سے
تو کیوں خار مغیلاں پاؤں میں رہزن کے بیٹھے ہیں

نہیں معلوم کس کو تاڑتے ہیں کس سے وعدہ ہے
بہ وقت شام پاس آ کر جو وہ چلمن کے بیٹھے ہیں

نہیں پروا اگر اے مشرقیؔ ان کو بلا جانے
اگر وہ ہیں کھنچے بیٹھے تو ہم بھی تن کے بیٹھے ہیں


This work was published before January 1, 1930, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.