امتحاں کے لیے جفا کب تک
امتحاں کے لیے جفا کب تک
التفات ستم نما کب تک
غیر ہے بے وفا پہ تم تو کہو
ہے ارادہ نباہ کا کب تک
جرم معلوم ہے زلیخا کا
طعنۂ دست نارسا کب تک
مجھ پہ عاشق نہیں ہے کچھ ظالم
صبر آخر کرے وفا کب تک
دیکھیے خاک میں ملاتی ہے
نگہ چشم سرمہ سا کب تک
کہیں آنکھیں دکھا چکو مجھ کو
جانب غیر دیکھنا کب تک
نہ ملائیں گے وہ نہ آئیں گے
جوش لبیک و مرحبا کب تک
ہوش میں آ تو مجھ میں جان نہیں
غفلت جرأت آزما کب تک
لے شب وصل غیر بھی کاٹی
تو مجھے آزمائے گا کب تک
تم کو خو ہو گئی برائی کی
درگزر کیجیئے بھلا کب تک
مر چلے اب تو اس صنم سے ملیں
مومنؔ اندیشۂ خدا کب تک
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |