اٹھ جائے گر یہ بیچ سے پردہ حجاب کا

اٹھ جائے گر یہ بیچ سے پردہ حجاب کا
by قائم چاندپوری

اٹھ جائے گر یہ بیچ سے پردہ حجاب کا
دریا ہی پھر تو نام ہے ہر اک حباب کا

کیوں چھوڑتے ہو درد تہ جام مے کشو
ذرہ ہے یہ بھی آخر اسی آفتاب کا

ایسی ہوا میں پاس نہ ساقی نہ جام مے
رونا بجا ہے حال پہ میرے سحاب کا

ہونا تھا زندگی ہی میں منہ شیخ کا سیاہ
اس عمر میں ہے ورنہ مزا کیا خضاب کا

اس دشت پر سراب میں بہکے بہت پہ حیف
دیکھا تو دو قدم پہ ٹھکانا تھا آب کا

زاہد مریض عشق پہ ہو شرب مے حرام
بارے یہ مسئلہ ہے تری کس کتاب کا

جوں سرمہ کیوں نہ چشم میں قائمؔ کی ہو جگہ
آخر وہ خاک پا ہے شہ بو تراب کا

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse