اپنی جولاں گاہ زیرِ آسماں سمجھا تھا میں
اپنی جولاںگاہ زیرِ آسماں سمجھا تھا میں
آب و گِل کے کھیل کو اپنا جہاں سمجھا تھا میں
بے حجابی سے تری ٹُوٹا نگاہوں کا طلسم
اک رِدائے نیلگوں کو آسماں سمجھا تھا میں
کارواں تھک کر فضا کے پیچ و خم میں رہ گیا
مہر و ماہ و مشتری کو ہم عناں سمجھا تھا میں
عشق کی اِک جَست نے طے کر دیا قصّہ تمام
اس زمین و آسماں کو بےکراں سمجھا تھا میں
کہہ گئیں رازِ محبّت پردہ دارِیہاے شوق
تھی فغاں وہ بھی جسے ضبطِ فغاں سمجھا تھا میں
تھی کسی درماندہ رہرو کی صداے دردناک
جس کو آوازِ رحیلِ کارواں سمجھا تھا میں
This work is now in the public domain in Pakistan because it originates from Pakistan and its term of copyright has expired. According to Pakistani copyright laws, all photographs enter the public domain fifty years after they were published, and all non-photographic works enter the public domain fifty years after the death of the creator. |