بہار باغ ہو مینا ہو جام صہبا ہو

بہار باغ ہو مینا ہو جام صہبا ہو
by مرزا محمد رفیع سودا
294296بہار باغ ہو مینا ہو جام صہبا ہومرزا محمد رفیع سودا

بہار باغ ہو مینا ہو جام صہبا ہو
ہوا ہو ابر ہو ساقی ہو اور دریا ہو

روا ہے کہہ تو بھلا اے سپہر نا انصاف
ریائے زہد چھپے راز عشق رسوا ہو

بھرا ہے اس قدر اے ابر دل ہمارا بھی
کہ ایک لہر میں روئے زمین دریا ہو

جو مہرباں ہیں وہ سوداؔ کو مغتنم جانیں
سپاہی زادوں سے ملتا ہے دیکھیے کیا ہو


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.