بہار چشم ترے حسن کی بہار سے لوں

بہار چشم ترے حسن کی بہار سے لوں
by چندو لعل بہادر شادان
324894بہار چشم ترے حسن کی بہار سے لوںچندو لعل بہادر شادان

بہار چشم ترے حسن کی بہار سے لوں
شمیم لوں تو تری زلف مشکبار سے لوں

نہیں ہے کام کسی غیر سے مجھے ہرگز
جو کچھ بھی لوں تو یہ لالچ ہے اپنے یار سے لوں

مجھے ہے کام اسی سے کسی کو کب جانوں
ملے جو ایک سے تو کس لئے ہزار سے لوں

نہیں لڑی ہے مری آنکھ دوسرے کی طرف
مزہ نظارے کا اس چشم پر خمار سے لوں

شب وصال میسر ہے کیوں نہ اے شاداںؔ
ایاغ بادۂ گل رنگ گل عزار سے لوں


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.