تا چند سخن سازئ نیرنگ خرابات

تا چند سخن سازئ نیرنگ خرابات
by قائم چاندپوری

تا چند سخن سازئ نیرنگ خرابات
یاں قصد خرابی ہے نہ آہنگ خرابات

آ دل میں کہ اس در پہ جو بیٹھا ہے پھر ان نے
فرسخ گنے کعبہ کے نہ فرسنگ خرابات

دیکھیں تو تری دھوم ٹک اے شورش مستی
پھر آج سر و سینہ ہے اور سنگ خرابات

تشبیہ میں جس دل کو نہ دی کعبہ سے سو دل
اب عشق مے و مغ سے ہے ہم رنگ خرابات

اے غنچہ دہن بس لب میگوں کو تنک موند
دل تنگ کہاں تک ہو دل تنگ خرابات

سو سر کا جو ہو آئے تو مقبول نہیں یاں
کھائی نہیں جس رند نے سرچنگ خرابات

کس نام سے قائمؔ میں تجھے کہہ تو پکاروں
اے عار در مسجد و اے ننگ خرابات

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse