تضمین بر شعرِ صائب

تضمین بر شعرِ صائبؔ (1924)
by محمد اقبال
296070تضمین بر شعرِ صائبؔ1924محمد اقبال

کہاں اقبالؔ تُو نے آ بنایا آشیاں اپنا
نوا اس باغ میں بُلبل کو ہے سامانِ رُسوائی

شرارے وادیِ ایمن کے تُو بوتا تو ہے لیکن
نہیں ممکن کہ پھوٹے اس زمیں سے تُخمِ سِینائی

کلی زورِ نفَس سے بھی وہاں گُل ہو نہیں سکتی
جہاں ہر شے ہو محرومِ تقاضائے خود افزائی

قیامت ہے کہ فطرت سو گئی اہلِ گلستاں کی
نہ ہے بیدار دل پِیری، نہ ہمّت خواہ برنائی

دلِ آگاہ جب خوابیدہ ہو جاتے ہیں سینوں میں
نوا گر کے لیے زہراب ہوتی ہے شکرخائی

نہیں ضبطِ نوا ممکن تو اُڑ جا اس گُلستاں سے
کہ اس محفل سے خوشتر ہے کسی صحرا کی تنہائی

“ہماں بہتر کہ لیلیٰ در بیاباں جلوہ گر باشد
ندارد تنگناے شہر تابِ حُسنِ صحرائی”


This work is now in the public domain in Pakistan because it originates from Pakistan and its term of copyright has expired. According to Pakistani copyright laws, all photographs enter the public domain fifty years after they were published, and all non-photographic works enter the public domain fifty years after the death of the creator.