تمہیں ایسا بے رحم جانا نہ تھا

تمہیں ایسا بے رحم جانا نہ تھا
by راسخ عظیم آبادی
301946تمہیں ایسا بے رحم جانا نہ تھاراسخ عظیم آبادی

تمہیں ایسا بے رحم جانا نہ تھا
غرض کیا کہیں دل لگانا نہ تھا

اگر اس گلی سے نکلتے تو پھر
دو عالم میں اپنا ٹھکانا نہ تھا

لیا امتحان وفا ہی میں جی
ہمیں یاں تلک آزمانا نہ تھا

وہ تھا کون سا تیرا تیر ستم
کہ میں آہ اس کا نشانا نہ تھا

کیا کس کی آنکھوں نے راسخؔ پہ سحر
وہ آگے تو ایسا دوانا نہ تھا


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.