تیرے عالم کا یار کیا کہنا

تیرے عالم کا یار کیا کہنا
by آغا حجو شرف
303890تیرے عالم کا یار کیا کہناآغا حجو شرف

تیرے عالم کا یار کیا کہنا
ہر طرف ہے پکار کیا کہنا

اف نہ کی درد ہجر ضبط کیا
اے دل بے قرار کیا کہنا

وعدۂ وصل ان سے لوں کیوں کر
میرا کیا اختیار کیا کہنا

کیا ہی نیرنگیاں دکھائی ہیں
میرے باغ و بہار کیا کہنا

کیسے عاشق ہیں ان سے جب پوچھا
بولے بے اختیار کیا کہنا

مشت پر بھی گلوں کے گرد رہے
آفریں اے ہزار کیا کہنا

ترچھی نظریں چھری کٹاری ہیں
چشم بد دور یار کیا کہنا

گلشنوں میں یہ رنگ روپ کہا
لا جواب اے نگار کیا کہنا

دم عیسیٰ کو مات کرتی ہے
اے نسیم بہار کیا کہنا

امتحاں کر چکے تو وہ بولے
اے مرے جاں نثار کیا کہنا

اس کے کوچے میں بیٹھ کر نہ اٹھا
واہ میرے غبار کیا کہنا

جانتے ہیں کہ جان دوگے شرفؔ
اس کو پھر بار بار کیا کہنا


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.