جادۂ رہ خور کو وقت شام ہے تار شعاع

جادۂ رہ خور کو وقت شام ہے تار شعاع
by مرزا غالب
300506جادۂ رہ خور کو وقت شام ہے تار شعاعمرزا غالب

جادۂ رہ خور کو وقت شام ہے تار شعاع
چرخ وا کرتا ہے ماہ نو سے آغوش وداع

شمع سے ہے بزم انگشت تحیر در دہن
شعلۂ آواز خوباں پر بہ ہنگام سماع

جوں پر طاؤس جوہر تختہ مشق رنگ ہے
بسکہ ہے وہ قبلۂ آئینہ محو اختراع

رنجش حیرت سرشتاں سینہ صافی پیشکش
جوہر آئینہ ہے یاں گرد میدان نزاع

چار سوئے دہر میں بازار غفلت گرم ہے
عقل کے نقصاں سے اٹھتا ہے خیال انتفاع

آشنا غالبؔ نہیں ہیں درد دل کے آشنا
ورنہ کس کو میرے افسانے کی تاب استماع


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.