جسے گرم اختلاطی کی لگا دے دل میں تو آتش

جسے گرم اختلاطی کی لگا دے دل میں تو آتش
by ولی اللہ محب
312351جسے گرم اختلاطی کی لگا دے دل میں تو آتشولی اللہ محب

جسے گرم اختلاطی کی لگا دے دل میں تو آتش
پھر اس کے سنگ تربت سے نہیں بجھتی کبھو آتش

لگائی تو نے یاں تک میکدے میں تند خو آتش
کہ پیالا ہے پر آتش اور صراحی تا گلو آتش

یہ آتش باغ میں ہم نے لگی دیکھی تھی کل تجھ بن
نسیم آتش چمن آتش گل آتش گل کی بو آتش

لکھیں ہم کس طرح کاغذ پر اپنا سوز دل تجھ کو
کہ دل آتش زباں آتش دم آتش گفتگو آتش

تف دل کے بجھانے کو ہماری خاک پر ساقی
چھڑکنا ہے مے گلگوں کی از دست سبو آتش

ہمارے آشیاں کے خار و خس کے تار و سوزن سے
کر اس چاک قبا سے شعلے کو اپنے رفو آتش

محبؔ کے دل میں داغ عشق کا کیوں کر نہ گل پھوٹے
کہ دیتا ہے بجائے آب آنکھوں سے لہو آتش


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.