جو تجھے دیکھ کے مبہوت ہوا
جو تجھے دیکھ کے مبہوت ہوا
خون دل اس کو سدا قوت ہوا
جو موا دیکھ ترے عارض کوں
شاخ گل کا اسے تابوت ہوا
جو اٹھا مجلس ناسوتی میں
محرم خلوت لاہوت ہوا
نوک مژگان صنم حق میں مرے
تیز جوں نیزۂ رجپوت ہوا
اشک خونیں شب ہجراں کا سراجؔ
روغن شعلۂ یاقوت ہوا
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |