جیا بہ کام کب اس بخت ارجمند سے میں

جیا بہ کام کب اس بخت ارجمند سے میں
by قائم چاندپوری

جیا بہ کام کب اس بخت ارجمند سے میں
پھنسا قفس میں جو چھوٹا چمن کے بند سے میں

ہے گو کہ جذب مرا تار عنکبوت سے سست
یہ شیر پھانسے ہیں اکثر اسی کمند سے میں

کبھو دے بزم میں اپنی مجھے بھی رخصت سوز
گیا اثر میں مری جان کیا سپند سے میں

جو تلخئیں کہ ذخیرہ میں کی ہیں غم میں ترے
نہ ان سے ایک کو بدلوں ہزار قند سے میں

بتان دہر سے قائمؔ کیا میں کس کو پسند
ہوں اب ہمیشہ ندامت میں جس پسند سے میں

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse