دل جو پہلے ہی سے محو رخ جاناں ہوتا

دل جو پہلے ہی سے محو رخ جاناں ہوتا (1933)
by منشی ٹھاکر پرساد طالب
324037دل جو پہلے ہی سے محو رخ جاناں ہوتا1933منشی ٹھاکر پرساد طالب

دل جو پہلے ہی سے محو رخ جاناں ہوتا
کس لئے زلف میں پھنستا جو پریشاں ہوتا

خال کیوں کر نہ قریب رخ جاناں ہوتا
دولت حسن کا کوئی تو نگہباں ہوتا

جذب کرنے کو نہ گر گوشۂ داماں ہوتا
میرے اشکوں سے بپا نوح کا طوفاں ہوتا

جلوۂ مصحف عارض جو نظر آ جاتا
ہندوی خال بھی سو جاں سے مسلماں ہوتا

قدر دیوانوں کی صحرائے جنوں گر کرتا
خار تک بخیہ گر چاک گریباں ہوتا

رنگ تو خیر مسیحائی کہاں سے لاتا
کیوں خجل لب سے ترے لعل نہ ایجاں ہوتا

قیس و فرہاد کا پھر نام نہ لیتا کوئی
مجھ سے آباد نہ گر کوہ و بیاباں ہوتا

روکش چہرۂ دل دار وہ ہوتا کیوں کر
داغ کھاتا جو مقابل مہ کنعاں ہوتا

دل سے گر شوق شہادت کا نہ ہوتا مجھ کو
مثل گل زخم جگر کس لئے خنداں ہوتا

میں وہ مجنوں ہوں کہ صحرا میں قدم گر رکھتا
آ کے پابوس وہیں خار مغیلاں ہوتا

بیڑیاں توڑ کے ہم زلف میں جا کر پھنستے
گر کہیں جوش جنوں سلسلہ جنباں ہوتا

آبرو وہ مرے رونے کی جو کرتا کچھ بھی
اشک سے میرے خجل گوہر غلطاں ہوتا

بہرہ گر دولت اسلام سے کافر پاتا
خال رخسار صنم حافظ قرآں ہوتا

عادت رحم حسینوں میں نہیں جب طالبؔ
کیوں مرے قتل سے وہ ترک پشیماں ہوتا


This work is in the public domain in the United States because it was first published outside the United States (and not published in the U.S. within 30 days), and it was first published before 1989 without complying with U.S. copyright formalities (renewal and/or copyright notice) and it was in the public domain in its home country on the URAA date (January 1, 1996 for most countries).