دنیا سے داغ زلف سیہ فام لے گیا

دنیا سے داغ زلف سیہ فام لے گیا
by منیرؔ شکوہ آبادی
316942دنیا سے داغ زلف سیہ فام لے گیامنیرؔ شکوہ آبادی

دنیا سے داغ زلف سیہ فام لے گیا
میں گور میں چراغ سر شام لے گیا

کی ترک میں نے شیخ و برہمن کی پیروی
دیر و حرم میں مجھ کو ترا نام لے گیا

دوزخ میں جل گیا کبھی جنت میں خوش رہا
مر کر بھی ساتھ گردش ایام لے گیا

میں جستجوئے کفر میں پہونچا خدا کے پاس
کعبہ تک ان بتوں کا مجھے نام لے گیا

پہنا کفن تو کوچۂ قاتل میں پائی راہ
کعبہ میں مجھ کو جامۂ احرام لے گیا

نفرت ہوئی دورنگئ لیل و نہار سے
میں صبح و شام اس کو لب بام لے گیا

کچھ لطف عشق کا نہ ملا جیتے جی منیرؔ
ناحق کا رنج مفت کا الزام لے گیا


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.