دوستارے (1924)
by محمد اقبال
295960دوستارے1924محمد اقبال

آئے جو قِراں میں دو ستارے
کہنے لگا ایک، دوسرے سے
یہ وصل مدام ہو تو کیا خوب
انجامِ خرام ہو تو کیا خوب
تھوڑا سا جو مہرباں فلک ہو
ہم دونوں کی ایک ہی چمک ہو

لیکن یہ وصال کی تمنّا
پیغامِ فراق تھی سراپا
گردش تاروں کا ہے مقدّر
ہر ایک کی راہ ہے مقرّر
ہے خواب ثباتِ آشنائی
آئین جہاں کا ہے جُدائی


This work is now in the public domain in Pakistan because it originates from Pakistan and its term of copyright has expired. According to Pakistani copyright laws, all photographs enter the public domain fifty years after they were published, and all non-photographic works enter the public domain fifty years after the death of the creator.