دھمکی میں مر گیا جو نہ باب نبرد تھا

دھمکی میں مر گیا جو نہ باب نبرد تھا
by مرزا غالب
299002دھمکی میں مر گیا جو نہ باب نبرد تھامرزا غالب

دھمکی میں مر گیا، جو نہ بابِ نبرد تھا
“عشقِ نبرد پیشہ” طلبگارِ مرد تھا

تھا زندگی میں مرگ کا کھٹکا لگا ہوا
اڑنے سے پیشتر بھی، مرا رنگ زرد تھا

تالیفِ نسخہ ہائے وفا کر رہا تھا میں
مجموعۂ خیال ابھی فرد فرد تھا

دل تا جگر، کہ ساحلِ دریائے خوں ہے اب
اس رہ گزر میں جلوۂ گل، آگے گرد تھا

جاتی ہے کوئی کشمکش اندوہِ عشق کی!
دل بھی اگر گیا، تو وُہی دل کا درد تھا

احباب چارہ سازیِ وحشت نہ کر سکے
زنداں میں بھی خیال، بیاباں نورد تھا

یہ لاشِ بے کفن اسدؔ خستہ جاں کی ہے
حق مغفرت کرے عجب آزاد مرد تھا


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.