دیکھا ہے جس نے یار کے رخسار کی طرف

دیکھا ہے جس نے یار کے رخسار کی طرف
by سراج اورنگ آبادی
294512دیکھا ہے جس نے یار کے رخسار کی طرفسراج اورنگ آبادی

دیکھا ہے جس نے یار کے رخسار کی طرف
ہرگز نہ جاوے سیر کوں گل زار کی طرف

آئینہ دل کی چشم میں نور جمال دوست
روشن ہوا ہے ہر در و دیوار کی طرف

منظور ہے سلامتیٔ خوں اگر تجھے
مت دیکھ اس کی نرگس بیمار کی طرف

وہاں نہیں بغیر جوہر شمشیر خوں بہا
زاہد نہ جا وو ظالم خونخوار کی طرف

ہے دل کوں عزم چوک امید وصال پر
دیوانہ کا خیال ہے بازار کی طرف

کیا پوچھتے ہو تم کہ ترا دل کدھر گیا
دل کا مکاں کہاں؟ یہی دل دار کی طرف

پروانہ کوں نہیں ہے مگر خوف جاں سراجؔ
ناحق چلا ہے شعلۂ دیدار کی طرف


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.