ذکر میرا اگر آ جاتا ہے

ذکر میرا اگر آ جاتا ہے
by داغ دہلوی
331892ذکر میرا اگر آ جاتا ہےداغ دہلوی

ذکر میرا اگر آ جاتا ہے
سن کے وہ صاف اڑا جاتا ہے

غم ترا حصہ ہے میرا لیکن
دل چرا کر اسے کھا جاتا ہے

کیا نزاکت ہے کہ آپ آئنہ میں
عکس کے ساتھ کھنچا جاتا ہے

ناز سے کھینچ نہ مجھ پر تلوار
غیر مشتاق ہوا جاتا ہے

حسرتیں دل کی مٹی جاتی ہیں
قافلہ ہے کہ لٹا جاتا ہے

راہ میں گر نہ پڑے خط یا رب
نامہ بر مثل ہوا جاتا ہے

داغؔ کو دیکھ کے بولے یہ شخص
آپ ہی آپ جلا جاتا ہے


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.