سب شکایت ہے زندگانی کی

سب شکایت ہے زندگانی کی
by میر مظفر حسین ضمیر
316512سب شکایت ہے زندگانی کیمیر مظفر حسین ضمیر

سب شکایت ہے زندگانی کی
جان نے دشمنیٔ جانی کی

ہم سبک دوش ہی جہاں سے گئے
نہ کسی طبع نے گرانی کی

ہاں سبک سار کر دے اے قاتل
جسم پر سر نے سرگرانی کی

روح تن پر وبال دوش ہوئی
ہے یہ افراط ناتوانی کی

عشق برباد کر گیا آخر
تھی خبر کس کو ناگہانی کی

ایسی اک تیغ آب دار لگا
پھر نہ مانگوں جو بوند پانی کی

دل ہوا فرط داغ سے اک باغ
عشق نے خوب باغبانی کی

اک ذرا کھول چشم عبرت میں
سیر کر اس جہان فانی کی

سینہ پر داغ حسرت و حرماں
اک نشانی ہے یہ جوانی کی

جو ہیں آسودگان عیش انہیں
کیا خبر اس غم نہانی کی

کیوں نہ ہو اشتیاق نظم ضمیرؔ
دھوم ہے اس کی خوش بیانی کی


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.