سن لے یہ التماس مرا دوستانہ ہے
سن لے یہ التماس مرا دوستانہ ہے
ہشیار ہو کہ تیر اجل کا نشانہ ہے
کب تک رہے گی مسند کمخواب زیر پا
کاہے خمیدہ یار ترا شامیانہ ہے
دنیا کے مخمصے ہیں یہ فرزند و اقربا
بیگانہ سب سے ہو کہ اجل کا یگانہ ہے
اے عندلیب جان چمن جسم پر نہ پھول
ویرانہ ایک روز ترا آشیانہ ہے
انفاس مستعار پہ کیا اعتبار زیست
اک دم میں مثل موج صبا تو روانہ ہے
یہ جلوہ ہاے بو قلموں بے ثبات ہیں
ہے زندگی طلسم جہاں اک فسانہ ہے
رکتی نہیں ہے باگ کسی شہسوار سے
ہر دم سمند عمر کو اک تازیانہ ہے
کیا سر کشان دہر کے قصے نہیں سنے
کیا ہو گئے وہ لوگ کہاں وہ زمانہ ہے
کہنا تھا جو نسیمؔ تجھے سب سنا چکے
نزدیک اختتام ترا کارخانہ ہے
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |