سو داغ تمناؤں کے ہم کھائے ہوئے ہیں

سو داغ تمناؤں کے ہم کھائے ہوئے ہیں
by کیفی چریاکوٹی
323474سو داغ تمناؤں کے ہم کھائے ہوئے ہیںکیفی چریاکوٹی

سو داغ تمناؤں کے ہم کھائے ہوئے ہیں
گل جتنے ہیں اس باغ میں مرجھائے ہوئے ہیں

شرمندہ ہوں میں اپنی دعاؤں کے اثر سے
وہ آج پریشان ہیں گھبرائے ہوئے ہیں

خودداریٔ گیسو کا ہے اس رخ پہ یہ عالم
جھکنا جو پڑا ان کو تو بل کھائے ہوئے ہیں

اب تم بھی ذرا حسن جہاں سوز کو روکو
ہم تو دل بے تاب کو سمجھائے ہوئے ہیں

اے دست کرم پھینک دے کونین کو اس میں
دامن کو ترے سامنے پھیلائے ہوئے ہیں

پھوڑیں گے جبیں اب ترے در پر ترے محتاج
برباد ہیں تقدیر کے ٹھکرائے ہوئے ہیں

آتا ہے بڑھا بحر کرم جوش میں کیفیؔ
ہم اپنے گناہوں پہ جو شرمائے ہوئے ہیں


This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.