شکوہ کرتے ہیں زباں سے نہ گلا کرتے ہیں

شکوہ کرتے ہیں زباں سے نہ گلا کرتے ہیں
by حفیظ جونپوری
299637شکوہ کرتے ہیں زباں سے نہ گلا کرتے ہیںحفیظ جونپوری

شکوہ کرتے ہیں زباں سے نہ گلا کرتے ہیں
تم سلامت رہو ہم تو یہ دعا کرتے ہیں

پھر مرے دل کے پھنسانے کی ہوئی ہے تدبیر
پھر نئے سر سے وہ پیمان وفا کرتے ہیں

تم مجھے ہاتھ اٹھا کر اس ادا سے کوسو
دیکھنے والے یہ سمجھیں کہ دعا کرتے ہیں

ان حسینوں کا ہے دنیا سے نرالا انداز
شوخیاں بزم میں خلوت میں حیا کرتے ہیں

حشر کا ذکر نہ کر اس کی گلی میں واعظ
ایسے ہنگامے یہاں روز ہوا کرتے ہیں

لاگ ہے ہم سے عدو کو تو عدو سے ہمیں رشک
ایک ہی آگ میں ہم دونوں جلا کرتے ہیں

ان کا شکوہ نہ رقیبوں کی شکایت ہے حفیظؔ
صرف ہم اپنے مقدر کا گلا کرتے ہیں


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.