عبد القادر کے نام

عبد القادر کے نام (1924)
by محمد اقبال
295949عبد القادر کے نام1924محمد اقبال

اُٹھ کہ ظلمت ہوئی پیدا اُفقِ خاور پر
بزم میں شعلہ نوائی سے اُجالا کر دیں

ایک فریاد ہے مانندِ سپند اپنی بساط
اسی ہنگامے سے محفل تہ و بالا کر دیں

اہلِ محفل کو دِکھا دیں اثرِ صَیقلِ عشق
سنگِ امروز کو آئینۂ فردا کر دیں

جلوۂ یوسفِ گُم گشتہ دِکھا کر ان کو
تپش آمادہ تر از خُونِ زلیخا کر دیں

اس چمن کو سبق آئینِ نُمو کا دے کر
قطرۂ شبنمِ بے مایہ کو دریا کر دیں

رختِ جاں بُت کدۂ چیں سے اُٹھا لیں اپنا
سب کو محوِ رُخِ سُعدیٰ و سُلیمیٰ کر دیں

دیکھ! یثرِب میں ہُوا ناقۂ لیلیٰ بیکار
قیس کو آرزوئے نَو سے شناسا کر دیں

بادہ دیرینہ ہو اور گرم ہو ایسا کہ گداز
جگرِ شیشہ و پیمانہ و مِینا کر دیں

گرم رکھتا تھا ہمیں سردیِ مغرب میں جو داغ
چِیر کر سینہ اُسے وقفِ تماشا کر دیں

شمع کی طرح جیِیں بزم گہِ عالم میں
خود جلیں، دیدۂ اغیار کو بینا کر دیں

“ہر چہ در دل گُذرد وقفِ زباں دارد شمع
سوختن نیست خیالے کہ نہاں دارد شمع”


This work is now in the public domain in Pakistan because it originates from Pakistan and its term of copyright has expired. According to Pakistani copyright laws, all photographs enter the public domain fifty years after they were published, and all non-photographic works enter the public domain fifty years after the death of the creator.