غریب ہم ہیں غریبوں کی بھی خوشی ہو جائے

غریب ہم ہیں غریبوں کی بھی خوشی ہو جائے
by ریاض خیرآبادی

غریب ہم ہیں غریبوں کی بھی خوشی ہو جائے
نظر حضور ادھر بھی کبھی کبھی ہو جائے

غرور بھی جو کروں میں تو عاجزی ہو جائے
خودی میں لطف وہ آئے کہ بے خودی ہو جائے

غم فراق کی سختی وصال سے بدلے
جو موت آئے مجھے میری زندگی ہو جائے

مری شراب کی کیا قدر تجھ کو اے واعظ
جسے میں پی کے دعا دوں وہ جنتی ہو جائے

میں اس نگاہ کے صدقے یہ ہو اثر جس میں
کہ دل میں درد بھی اٹھے تو گدگدی ہو جائے

ستم بھی ہو تو ستم میں وہ لطف پنہاں ہو
کہ نالہ آ کے مرے ہونٹھ پر ہنسی ہو جائے

نہ پوچھو بادہ گساران بزم وارثؔ کی
یہ دیکھ لیں سوئے واعظ تو وہ ولی ہو جائے

ہٹا رہا ہوں شب و روز اس لیے خود کو
فنا کے راز سے مجھ کو بھی آگہی ہو جائے

تری نگاہ کرم سے عجب نہیں وارث
ریاضؔ سا سگ دنیا بھی آدمی ہو جائے

This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.

Public domainPublic domainfalsefalse