فردوس بریں/پھر وہی عالم عناصر

دیر کی آزاد رساں‌غفلت اور بے ہوشی کے بعد حسین ذرا ہوشیار رہنے لگا تھا کہ کان میں‌آواز آئی: " اے جسم خاکی! اُٹھ اور اس برزخ کبریٰ کا ہاتھ چوم جو تیرا امام ہے اور جس نے صرف تیرے لیے باوجود مجردِ محض ہونے کے صورتِ مادی اختیار کر لی ہے۔" حسین نے بے ساختہ آنکھ کھول دی اور باغ جنت یا زمرد کے پہلو کے بدلے اپنے کو اُ س تاجدار شخص کے سامنے پایا جس کے ہاتھ پر اسن ے بیعت کی تھی اور جو اس سفر جنت کی آخری منزل پر ملا تھا۔ حسین آنکھیں ملتا ہوا ادب سے اُٹھ بیٹھا اور اس کے قدموں‌پر گر کے سر رگڑ کے کہنے لگا" ممکن بیدار ازیں‌خوابم خدارا۔" شخص: نہیں، تجھے پھر عالم ارضی میں‌جانا ہے۔ ہوشیار ہو جا کہ مشائخ‌باطن سے ہرگز گریز نہ کرنا۔ میرا یہ ہاتھ جس میں‌نور کے سوا مادے کا بہت ہی کم جز ہے ، تیرے ہاتھ سے مل چکا ہے اور ہمیشہ ان لوگوں‌کے ہاتھ پر رہتا ہے جن کے وسیلے سے تیری اس ملاء اعلیٰ تک رسائی ہوئی۔ حسین: مگر میں ابھی اور چند روز جنت میں رہنے کا آرزو مند ہوں۔ شخص: اس مادی عالم کی زندگی میں‌یہ بھی تیرے حوصلے اور تیری ہوس سے زیادہ تھا، اب اس زندگی میں‌ممکن نہیں‌کہ تو پھر اس روحانی عشرت کدے میں‌آ سکے۔جا اور اس وقت کا منتظر رہ جب کہ کسی دینی کوشش میں‌یا امام و مرشد کے حکم سے تو جام فنا پیے گا۔ حسین : تو آپ میرے امام ہیں‌اور آپ ہی جام فنا پلا کے مجھے فردوس بریں‌میں پہنچا دیجیے۔ شخص: ابھی ملاء اعلیٰ کی سرحد ہے اوریہاں‌فنا نہیں۔ اتنے میں‌ وہی پہلی پری وش نازنین لبریز جام ہاتھ میں‌لیے ہوئی آئی جس کے دیکھتے ہی اس شخص نے کہا: "بس اب زیادہ حجت نہ کر اور لے ، یہ شراب طہور کا آخری جام پی۔" یہ کہہ کے اس نے جام اپنے ہاتھ سے حسین کی طرف بڑھایا۔ حسین اب جانتا تھا کہ یہ شراب طہور داروئے بے ہوشی کا اثر رکھتی ہے اور جس طرح ‌اس کا نشہ پہلے عالم بالا میں‌لے آیٰا، اب حضیضِ ظلمتٌ میں‌لے جائے گا، مگر مایوسی کی تکلیف نے پیاس اس قدر تیز کر دی تھی کہ ان کار کی جرات نہ ہوئی؛ بے تکلف لے کے پی گیا۔ تھوڑی دیر بعد وہ مدہوشی تھی اور وہی خود فراموشی۔ پھر اسی طرح‌تھوڑی تھوڑی دیر بعد آنکھیں کھول کے وہ مختلف سین دیکھنے لگا۔حیرت زدہ آنکھوں‌کے سامنے کبھی دشت و در تھے اور کبھی پہاڑوں‌کی بلندی و پستی۔ آخر ایک شب کو اس کی آنکھ شیخ الجب کے سامنے کھلی۔راہ جنت کے اس پہلے نگہبان نے اس کی پیٹھ پر ہاتھ پھیر کے کہا: "حسین! تو پھر اس تیرہ خاک دان عنصری کی حدود میں آ گیا، اور ان آنکھوں‌سے جو انوار محہنن و مجردہ کو دیکھ چکی ہیں،پھر نور سینا کو اسی طرح‌ستر ہزار حجابوں‌میں‌دیکھ رہا ہے۔" حسین: (آب دیدہ ہو کر) مگر میں‌تو اس ظلمت کدہ خاکی میں‌نہیں‌آنا چاہتا تھا۔ طور معنی: بے شک نہ چاہتا ہو گا۔ جذبات نور وحدت ایسی ہی کشش رکھتے ہیں مگر کیوں ‌کر ممکن تھا کہ اس جسم خاکی کا دھبا اس نورستان مین ہمیشہ قائم رہتا۔ حسین: تو لِلّہ کوشش کیجیے کہ اسی وقت اس جسم خاکی کو چھوڑ کے اس سروشستان اعلیٰ کا راستہ لوں۔ طور معنی: ان امور میں‌شیخ علی وجودی ہی تمھارا اطمینان کر سکتے ہیں‘ اُن کے پاس جاؤ اور وہ جو کہیں اُس پر عمل کرو۔ حسین: ( جوش دل سے نوحہ وہ بکا کر کے ) افسوس! میری اتنی ریاضت اور یہ مدتوں ‌کی آرزومندی صرف اتنے مختصر زمانے کے لیے تھی؟ آہ کیاکروں‌کہ پھر زمرد کا وصال نصیب ہو؟ اس کے بعد حسین پھوٹ‌پھوٹ کے اور زار و قطار رونے لگا اور یہاں ‌تک رویا کہ ہچکیاں‌بندھ گئیں۔ طور معنی: اے بلند حوصلہ مشت غبار! میرے عزلت کدے کو خالی کر اور صفحہ ارضی پرجا کے اُس میعاد کو پورا کر، جتنے دنوں کے لیے تو ظلمت کدۂ ارض میں گرفتار ہے۔ حسین: کاش یہی معلوم ہوتا کہ اس مشت غار کوکب تک اس عالم میں سرگرداں ‌پھرنا اور خاک اڑانا ہے۔ طور معنی: تیرے لیے ان رموز کا حل کرنا شیخ علی وجودی کا کام ہے ، اس لیے وہی تیرے مرشد ہیں۔ مگر ہاں،میں تجھے ایک راز بتا سکتا ہوں؛ وہ یہ کہ پھر اس عالم نور کی زیارت فقط امام کے اختیار میں ہے جس کے ہاتھ پر تو بیعت کر چکا ہے جو لاہوت و ناسوت کا برزخ ہے جو مختلف جسد ہائے امامت و نبوت میں‌ظاہر ہوتی رہی۔ حسین: مگر ان تک رسائی کیوں‌کر ہو سکتی ہے ؛ وہ ملاء اعلیٰ پر ہیں‌اور میں اس قعر ظلمت میں پھینک دیا گیا؟ طور معنی: گو ان کا مرکز و مقروبی نورستان اعلیٰ ہے مگر ایک گو نا تعلقات مادہ،جن کی وجہ سے انھوں‌نے بہت سے جسم ہائے امامت بدلے ،انھیں‌اکثر اوقات اس آخشیجستان میں کھینچ لاتے ہیں۔لیکن بغیر مرشد کے اس غرض‌میں کامیابی نہیں حاصل ہو سکتی۔اگر تو اصرار کرے گا تو تیرے مرشد شیخ علی وجودی اس امر میں تیری مدد کریں‌گے۔بس اب تو اس خلوت کدۂ نور کو خالی کر اور مرشد کی قدم بوسی کے لیے روانہ ہو۔ اس تقریر نے امید کا ایک دھندلا سا چراغ پھر اس کے سینے میں روشن کیا، جس کی روشنی میں وہ غار کے باہر نکلا۔لیکن اس کی حیرت کی کوئی انتہا نہ تھی، جب دیکھا کہ کاظم جنونی غار کے دھانے پر اُسی وضع و حالت میں کھڑا ہے جس وضع و حالت میں‌ کہ وہ اسے چھوڑ کے گیا تھا۔کاظم جنونی اُس کی صورت دیکھتے ہی بولا: " اب تو تم کو اطمینان ہو گیا کہ شجرِ‌معرفت کی ایک شاخ تم بھی ہو۔" حسین: اور آپ یہاں‌کب آئے ؟ کاظم جنونی: ابھی تمھارے ساتھ ہی آیا تھا۔ حسین: ابھی؟ کاظم جنونی: ہاں‌ابھی! حسین: مجھے تم سے رخصت ہوئے کئی ہفتے گزر گئے۔ کاظم جنونی: ( ہنس کر) اُس عالم اور اس عالم میں ‌بڑا فرق ہے یہاں کا ایک دن وہاں‌کے ستر برس کے برابر ہے۔ حسین: وہ ایک گھڑی سہی مگر تم یہاں‌ٹھہرے کیوں‌رہے ؟ کاظم جنونی: امام قائمِ قیامت کا حکم یوں ہی تھا۔ حسین: امام قائم قیامت کون؟ کاظم جنونی: وہی جن کے ہاتھ پر اس عالم نور کے سفر میں‌تم نے بیعت کی ہو گی‌۔ حسین: مگر ان کے احکام تم تک کیوں ‌کر پہنچ گئی؟ کاظم جنونی:‌ان ہی مرشد کے ذریعے سے جو راہ حقیقت طے کرنے کے لیے میرے ان کے درمیان میں‌واسطہ ہیں۔ حسین: تو شاید تمھارے مرشد یہاں‌آئے ہوں گے ؟ کاظم جنونی: اس کی کچھ ضرورت نہیں؛ وہ ایک توجہ سے اپنے خیالات میرے دل میں‌پیدا کر دیتے ہیں۔ حسین: افسوس میں‌جنت سے زبردستی کھینچ نکالا گیا! کاظم جنونی:‌ان رموز ربانی کی شکایت نہ کرو! اور ان کے مصالح‌دریافت کرنا ہیں تو اپنے مرشد شیخ علی وجودی کے پاس چلے جاؤ۔ مگر یاد رکھنا کہ اب تم عالم نور کی سیر کر آئے ہو لہٰذا ان کو اسی روحانی لقب سے یاد کرنا جو اس سروشستان میں مشہور ہے۔ حسین: کیا ان کا کوئی اور لقب بھی ہے ؟ میں نے ‌تو نہیں‌سنا۔ کاظم جنونی: ہاں، اس عالم عناصر میں‌تو ان کا یہی نام ہے جو تم جانتے ہو مگر اس عالم نور میں‌وہ وادیِ ایمن کہے جاتے ہیں۔ حسین: (تعجب سے ) وادیِ ایمن! (اور پھر ذرا سوچ کے ) بے شک انھیں ‌وادیِ ایمن ہی کہنا چاہیے ان ہی کے پہلو میں‌مجھے نور اور حقیقت کی پہلی شعاع نظر آئی۔ کاظم جنونی: بس اب چلو اور حلب کا ارادہ کرو۔ حسین: مگر مجھے اتنا ضرور بتا دیجیے کہ اس عالم نور میں‌کبھی پھر بھی میرا گزر ہو سکے گا؟ کاظم جنونی: اس امر میں کوئی کچھ نہیں کہہ سکتا، مگر ہاں‌یہ یقینی ہے کہ اگر تمھارے مرشد کی توجہ ہو تو سب باتیں‌ممکن ہیں۔ کاظم جنونی نے اس جملے سے حسین کے سینے میں امید کے چراغ کو ذرا اور اُکسا دیا۔آخر دونوں‌نے اس وحشت ناک مسکن دام ودد کو چھوڑا اور شہر اصفہان میں آئے۔ کاظم جنونی نے اپنی مسجد کے دروازے پر پہنچتے ہی‌آواز لگائی" دہن سگ بہ لقمہ دوختہ بہ" جس کے بعد حسین نے اسے رخصت کیا اور شہر حلب کی راہ لی۔ اس سفر میں‌حسین ہر وقت جنت اور اُس کی حوروں‌کی ادھیڑ بن میں‌رہتا۔ اگرچہ اس کا جسم اس دنیا میں‌تھا لیکن اُس کے خیالات اور اس کے اعتقاد میں اس کی روح‌علی الدوام اس دوسرے عالم نور کے مزے لیتی رہتی۔وہ دل میں‌کہتا:" اتنے انقلابات کے بعد اب مجھے یہ تو معلوم ہو گیا کہ ‘موتو قبل ان تموتو‘ کے کیا معنی ہیں؛ یا اس دنیا میں‌رہےک سہنے کے ساتھ انسان اس عنصرستان سے قطع تعلق کر کے اپنی زندگی کا زیادہ حصہ عالم ملکوت میں‌کیوں‌ کر صرف کرتا ہے۔ اب اس مرتبہ جب کہ اصفہان سے حلب کو جا رہا تھا،اُسے ایک بہت ہی نئی اور حیرت میں ڈالنے والی چیز نظر آئی۔وہ جس گاؤں‌سے گزرتا یا جس دشت و در میں‌گزرتا، اکثر لوگ خودبخود اسے پچان لیتے کہ جنت کی سیر کر آیا ہے اور پاس آ آ کے مبارکباد دیتے۔وہ دل ہی دل میں‌پریشان تھا کہ یہ کیا بات ہے اور کون سی علامت ہے جس کی وجہ سے لوگوں‌کو میری حالت معلوم ہو جاتی ہے۔ بعض‌لوگوں‌سے اس راز کو دریافت بھی کیا مگر کسی نے کچھ نہ بتایا۔ زمرد اب اس کے دل و دماغ پر پہلے سے زیادہ حاوی تھی۔اُٹھتے بیٹھتے ،سوتے جاگتے ہر حالت میں اس کی دل فریب تصویر پیش نظر رہتی۔ وہ کبھی اپنی طرف بلاتی تھی اور کبھی صبر و تحمل کی تاکید کرتی تھی۔یہی مزیدار اور پریشان کن خواب دیکھتا ہوا وہ شہر حلب میں‌پہنچا اور شیخ علی وجودی کے سامنے جاتے ہی اُ ن کے قدموں‌پر گر پڑا۔ شیخ نے اُٹھا کے اُس کی پیشانی چومی اور پیٹھ ٹھونک کے اپنے برابر بٹھایا اور کہا: "اے حسین! تو لاہوت اکبر کی سیر کر آیا؟" حسین: یا شیخ! اس عالم نور کی میں نے پوری کیفیت دیکھ لی۔ اور اے وادیِ ایمن! تیرے پہلو میں مجھے وہ جلوہ نظر آ گیا جس کے اشیاق کے سوال پر موسیٰ کو بھی لن ترانی کا جواب ملا تھا۔ مگر کیا کہوں ‌کہ میں‌نے کن حسرتوں‌سے اس حیّز نور کو چھوڑا ہے !۔ شیخ: اے تیرہ و تار مشت غبار! بتا تو، تو نے وہاں‌کیا دیکھا؟ حسین: ایسا کچھ دیکھا کہ آنکھوں کو تمنا رہ گئی۔ شیخ: جذبات نور ایسے ہی ہوتے ہیں۔ زمرد سے ملا تھا؟ حسین: ( شیخ کے قدم چوم کے )‌ملا تھا، مگر ابھی سیری نہیں‌ہوئی۔ آہ! جی بھر کے دیکھنے بھی نہ پایا تھا کہ وہ نظر کے سامنے سے غائب ہو گئی۔ شیخ: مگر تیرا یہ جسم خاکی اس نورستان میں‌زیادہ نہیں‌ٹھہر سکتا تھا۔ اگرچہ تو کہتا ہے اور تجھے یقین ہے کہ اس عالم نور کو تو نے آنکھوں‌سے دیکھ لیا مگر اے حسین میں کہتا ہوں‌کہ تو نے نہیں‌دیکھا۔ حسین: نہیں اے شیخ‌اور اے وادیِ ایمن! میں‌نے دیکھا ور اپنے خیال کی آنکھوں‌سے اس وقت بھی دیکھ رہا ہوں۔ حسین کا یہ جواب سنتے ہی شیخ‌کو جلال آ گیا۔ منہ میں کف بھر آیا،آنکھیں‌سرخ‌ہو گئیں‌اور ایک دفعہ جوش میں‌آکے اُٹھ کھڑے ہوئے۔حسین مارے خوف کے سر سے پاؤں تک کانپ گیا اور انھوں‌ نے کہنا شروع کیا: " اے متکبر و مغرور مشتِ خاک! تیری کیا مجال کہ اس نور لم یزل کو ان ذلیل آنکھوں‌سے دیکھ سکے۔ تو ان مادی آنکھوں‌سے دیکھ رہا تھا جن میں‌انوار ازلیہ کی اشعاع لامعہ آدھی ضو کے ساتھ بھی نہیں چمک سکیں۔تیرے جسم کے سامنے وہ نور غیر متحیز متحیز بن کے نمایاں‌ہواتھا۔ اس کی اصلی کیفیات کو تیری یہ آنکھیں کسی طرح‌معلوم نہیں‌کر سکتی تھیں۔مگر ہاں‌توان انوار کو دیکھے گا اور ان کی اصلی حالت و کیفیت میں دیکھے گا،مگر کب؟ جب اس جسم خاکی کو چھوڑ کے اور مجرد محض‌بن کے اس حیز نور میں‌جائے گا۔ اس وقت تجھے یہ بھی نظر آ جائے گا کہ اسی نور ازل کا ایک چراغ تو بھی ہے۔" حسین: (کانپتی ہوئی آواز سے ) مگر میں‌تو ابھی وہاں‌سے آنا نہیں‌چاہتا تھا۔ شیخ: ‌بے شک نہ چاہتا ہو گا، مگر یہ ممکن نہ تھا۔ نور محض کثافت مادہ کا متحمل نہیں‌ہو سکتا۔ حسین: لیکن اے شیخ! آپ وادیِ ایمن ہیں؛ اگر آپ چاہیں‌تو میں ‌پھر اس عالم نور میں جا سکتا ہوں۔آہ! زمرد کے لیے بہت پریشان ہوں۔ شیخ: (پھر طیش میں آ کے ) اگر ہوس است ہمیں‌قدر بس است۔اُس سروشستان کو مادے کے قبول کرنے کی اس سے زیادہ زحمت نہیں‌دی جا سکتی۔آگ میں کسی مادی چیز کو ڈال دو تو اپنا تصرف کرنے کے بعد باقی ماندہ کثافت کو الگ پھینک دیتی ہے۔ اسی طرح‌اس نورستان نے تیرے جسم کو اپنے حیز سے نکال کے پھینک دیا۔ حسین: تو پھر آپ اپنے ہی ہاتھ سے مجھے اس جسم خاکی کی قید سے آزاد کیجیے تاکہ تجرد اختیار کر کے جاؤں‌اور پیاری زمرد کو اپنے آغوش میں‌لے لوں۔ کیا عجب کہ اس وقت تک وہ میرے شوق میں‌اپنا آغوش پھیلائے ہوئے ہو۔ شیخ: اب وہاں‌تک تیری رسائی صرف امام قائم قیامت کی دستگیری سے ہو سکتی ہے۔ حسین: گو میں‌اس برزخ کبریٰ کے ہاتھ پر بیعت کر چکا ہوں مگر اس درگاہ میں‌میری رسائی اسی وقت ہو گی جب آپ میری مدد کریں‌گے۔ آپ کی دستگیری سب پر مقدم ہے۔ شیخ: اچھا مایوس نہ ہو۔ مجھے تیرا ایک دفعہ اور امتحان لینا ہے ؛ اگر تو اس امتحان میں پورا اترا تو میں تجھے اس دربار امامت میں‌سفارش کے ساتھ پہنچا دوں گا۔ حسین: جلدی فرمائیے ، جو حکم ہو اُ‌س کے بجا لانے کو تیار ہوں۔ میں‌موت کا سب سے زیادہ آرزو مند ہوں۔ اگر اس امتحان ہی میں‌مجھے موت نصیب ہو گئی تو اس سے زیادہ میری کیا خوش قسمتی ہو گی۔ شیخ: اسی وقت شہر دمشق کی راہ لے اور جس طرح بنے امام نصر بن احمد کو جو ہم باطنین کے خلاف وعظ کہا کرتے ہیں،قتل کر کے واپس آ۔ حسین: ابھی چلا، مگر مجھے اتنا اور بتا دیجیے کہ کیا ہم ہی وہ باطنین ہیں‌ جنھیں‌کبھی لوگ قرامطہ اور کبھی ملاحدہ کے نام سے یاد کرتے ہیں؟ شیخ: بے شک! ہم اسماعلی بن جعفر صادق علیہ السلام کی امامت کے مدعی ہیں،اور چونکہ امامت ظاہر ہو گئی،لہٰذا ہم پر فرض ہے کہ اس کی تبلیغ و تقابت،خفیہ اور باطنی طریقوں سے کریں۔انوار ازل نے یہ قدیم ہی سے فیصلہ کر دیا ہے کہ جب تک امامت ظاہر رہتی ہے تقابت و تبلیغ خفیہ ہوتی ہے اور جب امامت مخفی و باطن ہو جاتی ہے تو نقابت‌وتبلیغ اعلانیہ ہونے لگتی ہے۔ حسین: مگر اس کا سبب میری ناقص فہم سے بالا ہے۔ شیخ: بے شک بالا ہے ( زور سے گھور کے ) اور تیرے جاہلانہ شکوک اور زیادہ بالا کرتے جاتے ہیں۔خود خدا کی طرف اپنا خیال لے جا وہ مخفی ہے اور اسی لے اس کی توحید کی تبلیغ اعلانیہ ہوتی ہے۔ حسین: مگر یا وادیِ ایمن! نبوت تو ظاہر رہی اور اس کے ظہور کے زمانے میں برابر اعلانیہ تبلیغ ہوتی تھی۔ شیخ علی وجودی کے منہ میں پھر کف بھر آیا اور سخت برہمی کے لہجے میں‌وہ چلائے : "ابھی تک شیطان تیرے دل میں بیٹھا ہے ، وہ تجھے بہکا رہا ہے اور تو پھر عالم نور میں جانے کی آرزو کرتا ہے ؟اس نظام کا تعلق صرف امامت سے ہے۔ نبوت ہمیشہ ظاہر رہی اور ظہور کے زمانے میں اعلانیہ تبلیغ بھی ہوتی رہی؛ تاہم نبوت اور رسالت کس چیز کی طرف لوگوں‌کو بلاتی ہے ؟ خدا کی طرف اور فردوس بریں کی طرف اور یہ دونوں‌دنیا کی نظر سے مخفی ہیں۔" حسین: (ڈرتے ڈرتے ) مگر امامت بھی تو انھی دو چیزوں کی طرف بلاتی ہے ؟ اب تو شیخ کو غصے نے آپے سے باہر کر دیا تھا، ایک دفعہ چمک کے اُٹھے کھڑے ہوئے اور کہا: تو عالم نور کی سیر کر آنے پر بھی شکی اور جاہل ہے۔عہد نبوت میں‌جنت اور وہ نور لا نور اس قدر نمایاں نہ تھے جتنے کہ اب عہد امامت میں ہیں۔ رسالت نے کبھی کسی مادی پیکر کو اس سروشستان میں‌نہیں‌بھیجا اور امامت برابر بھیج رہی ہے ،جس کا قطعی نتیجہ ہے کہ فردوس بریں‌اور وہ نور ازلی پہلے مخفی تھے اور اب نمایاں‌ہیں۔ اور چوں کہ اب نمایاں‌ہیں‌،لہٰذا تبلیغ و نقابت کو خفیہ طریقے سے ہی اپنا عمل کرنا چاہیے۔" حسین: یا وادیِ ایمن! اب مجھے اطمینان ہو گیا، اور ضرور تھا کہ اپنے ا ن شکوک کو دفع کرتا، اس لیے کہ میں‌نے اس مذہب کی نسبت بہت سی بے سر و پا باتیں‌ستی تھیں،اور سنا تھا کہ التمونت کے قلعے میں لوگ طرح‌طرح کے فریبوں‌سے اس مذہب کے پابند بنائے جاتے ہیں۔ شیخ: یہ دشمنوں‌ اور جہلا کی افترا پردازیاں‌ہیں۔ایسے لوگ جن کو چشم بصیرت نہیں‌اور جو ان انوار ازلیہ کے سامنے خفاش سے زیادہ وقعت نہیں‌رکھتے ،ان کے کہنے کا کیا اعتبار؟اتنے مدارج یقین طے کر کے تجھے یقین آ گیا ہو گا کہ ہم کس ملاءِ اعلیٰ پر ہیں‌اور آسانی سے سروشستان کی سیر کراتے ہیں۔ اور وہ کس قعر جہالت میں پڑے ہیں‌اور کس طرح تحت‌الثریٰ کی طرف روز بروز زیادہ دھنستے چلے جاتے ہیں۔ حسین:‌مجھے معلوم ہے۔ یہ کہہ کے حسین شیخ‌سے رخصت ہوا اور امام نصر بن احمد کی جان لینے کے لیے دمشق کی راہ لی۔ حسین اب ایسے کاموں‌کے لیے زیادہ جری تھا۔پہلے موقع پر جو شبہات اس کے دل میں‌پیدا ہوئے تھے ، اب نام کو بھی نہ تھے۔اس کو یقین تھا کہ جنت یقیناً انھیں‌لوگوں‌کے ہاتھ میں ہے جن کا وہ معتقد ہے اور ان کے اشارے پر ہر برے یا بھلے کام کا کرنا ہی ذریعۂ نجات ہے۔باوجود اس کے کے ایک جلیل القدر عالم کے قتل میں اس کے دل نے کسی قدر پس‌وپیش ضرور کیا،مگر شیخ‌اور زمرد کے خیال نے پھر اس کا دل آگے بڑھایا۔وہ نہایت ہی سنگدلی کے ساتھ مرشد کے وحشیانہ حکم کی تعمیل کے لیے دمشق پہنچا اور امام نصر کے عقیدت کیشوں میں‌شامل ہو گیا۔ اس سفر میں‌بھی وہ حیرت سے دیکھتا تھا کہ بعض‌لوگ راہ چلتے پہچان لیتے اور اس سے بغل گیر ہوتے اور یک جہتی و اخوت کا ثبوت دیتے ،جس سے اُسے یہ بھی نظر آ جاتا تھا کہ اُس کے ہم عقیدہ و ہم خیال کس کثرت سے دنیا میں‌پھیلے ہوئے ہیں۔خوش نصیبی یا دل کی بے صبری سے مہینے بھر میں‌اسے اپنی غرض‌حاصل کرنے کا موقع مل گیا۔ ایک پچھلی رات کو جب کہ امام نصر پڑوس کی مسجد میں‌اور سب سے چھپانے کے لیے اندھیرے میں‌تن تنہا کھڑے نماز تہجد ادا کر رہے تھے ،حسین کا خنجر ان کے دل میں‌اُتر گیا۔حسین نے ایک ہاتھ سے ان کا منہ بند کر لیا تھا اور قتل کر کے گراتے ہی سینے پر چڑھ بیٹھا اور انھیں نیچے دبا کے بیٹھ گیا۔جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ نہ ان کی آواز نکلنے پائی اور نہ تڑپنے پائے۔ جب لاش بالکل ٹھنڈی ہو گئی تو وہ پچھلی رات کے سناٹے ہی میں‌ مسجد سے نکلا چلا گیا۔ راستے میں ایک نہر کے کنارے کپڑے دھوئے اور حلب کو روانہ ہوا۔ شیخ علی وجودی نے اس کی کارگزاری کی داد دی اور اس کی پیٹھ ٹھونک کے کہا: "حسین! تو مراحل یقین کو بہت جلد طے کر رہا ہے ، امید ہے کہ اپنے اغراض میں کامیاب ہو۔" حسین: یا وادیِ ایمن! مجھے ایک امر پر بڑی حیرت ہے ؛ میں‌جہاں‌جاتا ہوں اور جس جگہ ہوتا ہوں میرے ہم خیال و ہم عقیدہ صورت دیکھتے ہی مجھے پہچان لیتے ہیں اور میں‌ان کو نہیں‌پہچان سکتا۔ یہ سنتے یہ شیخ نے اپنے صندوق سے ایک آئینہ نکالا اور اُسے دکھا کے کہا: "اپنی صورت دیکھ ،تجھے اپنے چہرے پر کوئی چیز نظر آتی ہے ؟" حسین: ہاں‌پیشانی پر ایک داغ‌ہے ، مگر معلوم نہیں کیا داغ ہے ؛ شاید بچپن میں کبھی گر پڑا ہوں گا۔ شیخ: (مسکرا کے ) نہیں، یہ حور کے بوسے کا نشان ہے ، یہی ایک مہر ہے جو ہمیشہ اس بات کا ثبوت دیتی ہے کہ انسان اپنے اس قفس عنصری کے ساتھ فردوس بریں کی سیر کر آیا ہے۔ حسین: تو جن لوگوں‌نے مجھے پہچانا،غالباً ان کی پیشانیوں ‌پر بھی یہ حور کے بوسے کا نشان موجود ہو گا؟ شیخ: بے شک ہو گا؛ میری پیشانی پر بھی موجود ہے۔ حسین: ( شیخ‌کی پیشانی پر بھی وہ اپنا سا داغ دیکھ کے ) بے شک یہ مدارج یقین طے کرنے کا تمغہ ہے۔ شیخ: حسین! یہ بہت بڑی چیز ہے۔ مرنے کے بعد سب مومنین جنت میں‌جائیں‌گے ،مگر جو لوگ دنیاوی زندگی ہی میں اُس مرکز نور کی سیر کر چکے ہیں،ان کا یہ فخروہاں‌‌بھی موجود رہے گا۔یہ داغ وہاں ‌پیشانیوں پر نور کی طرح چمکے گا اور عام ناجیوں میں‌ہم لوگوں کو ممتاز ثابت کرے گا۔ حسین:‌مگر مجھے یہ داغ اس دنیا ہی میں‌عزیز ہے۔کاش! میرے لب میری پیشانی تک پہنچ سکتے کہ میں‌اس داغ کو بوسے دے دے کے اپنے دل کی تسلی کرتا۔میری پیشانی پر سوا زمرد کے اور کسی کے بوسے کا نشان نہیں ہو سکتا۔اگر میرے بوسے لیے ہیں‌تو صرف اسی کے لبِ‌لعلیں نے۔ بوسم منِ بے برگ ونوا برگِ حنارا تا بوسہ یہ پیغام دبم آن کف پا را مگر افسوس ! جس طرح‌زمرد میرے دل میں‌ہے لیکن ہاتھ نہیں‌ آ سکتی اسی طرح‌اس کے بوسے کا نشان ہر وقت میرے پاس ہے اور مجال نہیں ‌کہ اپنے مشتاق ہونٹوں‌وہاں‌تک پہنچا سکوں۔ شیخ: اب ان شاعرانہ خیالات کو دور کرو اور امام قائم قیامت کی قدم بوسی کے لیے تیار ہو۔ حسین: لبیک!‌مگر یا وادیِ ایمن!اتنا اور بتا دیجیے کہ ان کو امام قائم قیامت کیوں‌کہتے ہیں؟ شیخ: یہ بھی رموز ربانی میں‌سے ایک رمز ہے۔ تجھے شاید ابھی تک اُن ائمہ کے نام بھی نہ معلوم ہوں گے جو نور لم یزلی کی شعاعیں‌ہیں اور مختلف اوقات میں‌مختلف جسدوں‌میں‌ میں نمایاں ہوتی رہیں۔یہی ائمہ ہمیشہ ناسوت اکبر ہوتے رہے ہیں۔وہی نور جو آدم‌ع،نوح‌ع،ابراہیمؑ،موسیٰؑ،داوودؑ،سلیمانؑ،عیسیٰؑ اور محمد صلواۃ اللہ علیھم کے اجساد مطہرہ سے لمعہ افگن ہوتا رہا تھا،آخر علی مرتضیٰ کے جسد انور میں نمودار ہوا،اور چوں کہ اب نبوت ختم ہو چکی تھی، لہٰذا اُس ایک نور یا ایک روح‌‌نے مختلف اجساد بدلنے شروع کیے۔ پھر حسین و علی و زین العابدین و محمد باقر علیھم اسلام کے اجساد کی سیر کرتے کرے وہ نور جناب جعفر صادق کے جسد انور میں نمایاں ہوا اور وہ زندہ ہی تھے کہ ان کے پیکر جسدی کو چھوڑ کے پہلے جناب اسماعیل میں‌پھر محمد مکتوم ابن اسماعیل میں جو سابع نام تھے آیا۔ چند روز تک وہ نور سلسلہ وار امام منصور بن محمد مکتوم،جعفر مصدق اور حبیب بن جعفر کے اجساد مطہرہ میں‌خفیہ ہی خفیہ لمعہ فگن رہا۔جناب اسماعیل سے اس وقت تک امامت مخفی رہی تھی۔اب یاکت اس نور نے عبیداللہ مہدی کی ذات سے نمایاں‌ہوکے اپنی پوری تنویر دکھا دی اور امامت ظاہر ہو گئی۔ اس کے بعد وہ نور برابر علانیہ طور پر مختلف اجساد طاہرہ کو بدلتا رہا۔ پہلے قائم بامراللہ کے جسم سے ،پھر منصور کے ،پھر المعزالدین اللہ کے ،پھر عزیز باللہ کے ،پھر حاکم بامر اللہ کے ،پھر الظاہر الاعزاز دین اللہ کے ، پھر المستنصر باللہ کے جسم سے چمکا۔مستنصر باللہ کے بعد نزار،پھر حسن بن محمد یعنی علی زکرۃ السلام،پھر محمد اب علی زکرۃالسلام کے جسموں‌ نے لاہوتیت کبریٰ کا درجہ پایا،اور فی الحال وہی انوار ازلی رکن الدین خور شاہ کے جمال جہاں‌آرا سے نمودار ہیں جو فرمانروائے النمونت ہیں۔ اور وہی امام قائم قیامت البرزخ بین الاہوت و الناسوت اور وہ تجلی ہیں‌جو مختلف جسد ہائے امامت و نبوت سے لمعہ افگن رہی تھی۔ حسین: ( حیرت سے ) وہی جن کے ہاتھ پر میں‌نے اس عالم لاہوت میں بیعت کی تھی؟ شیخ: وہی! حسین: مگر آپ تو فرماتے ہیں کہ وہ التمونت کے فرمانروا ہیں؟ شیخ: بے شک ہیں! مگر یہ علائق دنیوی ان کے تجرد اور ان کی اس نورانیت کو جو عالم سروش میں‌لے جاتی ہے ،دھندلا نہیں‌کر سکتے۔ امامِ دینی و عام لوگوں‌مین‌یہی فرق ہے کہ جس چیز کو ہم محنت و ریاضت سے حاصل کرتے ہیں انھیں‌فطرتاً بدرجہ اُتم حاصل رہتی ہے۔اسی لحاظ سے وہ عالمین کے برزخ کہے جاتے ہیں۔ حسین:‌اور وہ امام قائم قیامت کیوں‌کہلاتے ہیں؟ شیخ: (کسی قدر برہم ہوتے ہوئے رک کر)‌ہاں‌میں‌ نے اس کا راز ابھی تک نہیں‌بتایا۔ امامین مستنصر و نزار کے عہد میں انھیں‌انواز ازلی کی ایک نئی اور غیر معمولی شمع روشن ہوئی تھی۔ گو یہ شمع دراصل اسی قدم نور امامت کا انعکاس تھی مگر اتنا بڑا انعکاس کامل کہ اس کی ضو سے تمام ممالک ارض‌چمک اُٹھے۔اس سے وہ چراغ نور مراد ہے جو احسن بن صباح کے جسم صافی میں ‌چمکا تھا۔ یہ لقب قائم قیامت اسی آئینہ پرتو ایزدی کا ہے جس نے یکایک صعود مدار اعلیٰ اور نورستان میں پہنچ جانے کے اتنے صحیح‌ذریعے مخلوق میں‌پیدا کر دیے کہ ادنیٰ ادنیٰ لوگوں‌کو وہ کمال حاصل ہو گیا جو گذشتہ کئی عہدوں میں میں‌ سوائے انبیا اور ائمہ کے کسی کو حاصل نہ تھا۔پہلے کوئی فردوس بریں میں‌جانے کا خیال بھی نہ کر سکتا تھا مگر اب اس اعلیٰ پرتو ایزدی کے ظہور کے بعد یہ حالت ہے کہ میں‌آنکھیں‌بند کر کے ایک دم میں اس عالم نور کی سیر کر آتا ہوں اور تم اور تم سے صدہا مومنین اس سروشستان میں‌ جا کے حوروں کی ہمکناری کا مزا اُٹھا آئے ہیں۔قیامت کے معنی ظاہر پرستوں‌میں اس وقت کے ہیں جب دنیا کی زندگی ختم ہو جائے گی مگر حقیقت شناس جانتے ہیں‌کہ قیامت صرف اس حالت یا وقت کا نام ہے جب کہ مخلوق کو خالق سے یا پرتو کے نور سے قربت ہو جائے۔حسن بن صباح‌نے چونکہ اپنے عہد سے مخلوق کو تقرب کے ایسے درجے پر پہنچا دیا،لہٰذا وہ امام قائم قیامت کہلاتے ہں، یعنی وہ امام جس کی بہ دولت مخلوق و خالق میں‌قربت ہو گئی۔اور اسی قربت کا نتیجہ ہے کہ ان کے چند ہی روز بعد امام علی زکرۃ السلام میں‌وہ امامت قدیمہ جو جناب علی المرتضیٰ سے نسلاً بعد نسل چلی آتی تھی اور نیز وہ امامت قائم قیامت جس کا چراغ پہلے پہل حسن بن صباح‌کے حیز میں روشن ہوا تھا،دونوں‌امامتیں(دونوں‌امامتیں‌اس طرح‌جمع ہوئیں‌کہ قائم قیامت کی امامت تو حسن بن صباح کی جانشینی سے ملی اور دوسری امامت قدیمہ اس طریقے سے کہ علی زکرۃالسلام نے بڑی تاویلوں اور رکیک توجیہات سے دعویٰ کیا تھا کہ میں اس کا بیٹا نہیں‌جس کی طرف منسوب ہوں‌بلکہ دراصل میں‌نزار بن مستنصر فاطمی کے ایک بیٹے کا بیٹا ہوں جو قلعہ التمونت میں چھپا ہوا تھا۔اس طرح اپنا سلسلہ نسب بنی فاطمہ سے ملا کے اس نے خود سیاد ہونے اور امامت موروثی پانے کا دعویٰ کیا تھا۔) جمع ہو گئیں اور یکایک انوار لم یزلی ہیجان میں آ گئے۔بس اسی وقت سے تمام تکلیفات شرعیہ بندوں‌پر سے اُٹھا دیے گئے۔رمضان کی 27 کو اس قربت نور پرتو کا یہ جلوہ نظر آیا تھا،یعنی مومنین شرعی قیدوں‌سے آزاد ہوئے تھے۔ اسی سبب سے وہ دن ہمارے لیے عید ہے ،اور اس کی یاد میں یہ وظیفہ ہر وقت اور ہمیشہ ہماری زبان پر رہتا ہے : برداشت غل شرع بہ تائید ایزدی مخدوم روزگار علی ذکرۃ اسلام حسین: (متحیر ہو کے ) مگر میں تو دیکھتا ہوں‌کہ آپ شب و روز ریاضت ہی میں‌مشغول رہتے ہیں اور آپ ہی کی طرح‌اس فرقۂ ناجیہ کے جتےت پیرو مجھے ملے سب پابند شرع،بڑے محتاط اور بڑے متقی و پرہیز گار نظر آئے۔ شیخ: جو لوگ عرفان و حقیقت کے مدارج طے کرنا چاہتے ہیں ان کو بے شک عبادت و ریاضت کرنی پڑتی ہے ،مگر مومنین پر فرض اب کوئی عبادت نہیں۔خاصۃً ان برگزیدگان بارگاہ لم یزلی کے لیے جو امام قائم قیامت سے تقرب رکھتے ہیں۔ حسین: مگر یا وادیِ ایمن! میرا دل پھر آپ کی توجہ کا محتاج ہے۔ تکلیفات شرعیہ کا اٹھا دینا ایک ایس چیز ہے جس سے میرے دل میں‌شکوک پیدا ہوتے ہیں۔ شیخ: ( برہمی کے ساتھ) اتنے مدارج حقیقت طے کرنے پر بھی شک؟سروشستان اور عالم نور کی سیر کر چکے کے بعد بھی شک؟ اب یہ شک نہیں‌گستاخی ہے۔جانتا ہے کہ ساری عبادتیں خداوند جل و علا کی قربت حاصل کرنے کے لیے ہیں اور جب وہ قربت حاصل ہو جائے تو پھر کسی عبادت کی ضرورت نہیں‌ رہتی،تم نے سنا ہے اور دیکھ بھی لیا ہو گا کہ فردوس بریں میں‌کوئی شخص عبادت کا مکلف نہیں۔ اس لیے کہ جس تقرب انوار لم یزلی کے لیے وہ عبادت کرتے ہیں وہ وہاں ‌پر ہر ایک کو یونہی حاصل ہے۔ حسین: بے شک! وہ مرکز نور منزل مقصود ہے۔اور عبادت اس کا راستہ ہے۔جنت میں پہنچ جانے کے بعد کسی عبادت کی ضرورت نہیں‌رہتی لیکن مومنین ابھی اس کے باہر ہیں ان کی نسبت نہیں کہ وہ منزل مقصود کو پہنچ گئے۔ وہ چل رہے ہں،راستے میں‌ہیں،لہٰذا ان کو عبادت کرنے کاحکم بھی ہے۔ شیخ: (انتہا سے زیادہ از خود رفتہ ہوکے اور منہ میں‌کف لا کے )اس پیکر خاکی کو شہبات ہی نے خراب کیا یہ برابر شک کرتا ہے اور اپنے شکوک میں غرق ہو جاتا ہے۔سن اے حسین!امام قائم قیامت نے یہ بتایا ہے کہ وہ اس عالم نور میں ہیں‌عالم عنصری سے باہر،اس سے یہی معنی تھے کہ ظاہراً ان کا جسد اس عالم مادی میں نظر آتا ہے دراصل وہ ان مادیات سے دور اور اس سروشستان اعلیٰ میں ہیں۔ ان سے ملنے اور ان کے جوار میں جانے کے یہی معنی ہیں‌کہ گویا انسان اس تیرہ ظلمت سے نکل کے لاہوت اکبر کے قریب جا پہنچے پھر وہاں پہنچ جانے کے بعد عبادت کیسی؟ حسین: بجا ہے میرا شبہ دور ہو گیا۔آپ کی تقریر سے ہمیشہ میرے دل کے شکوک دور ہو جاتے ہیں۔اور اسی اطمینان حاصل کرنے کے لیے میں اپنے شبہوں‌کو بلا تامل آپ کی خدمت میں عرض‌کر دیتا ہوں۔ شیخ: تم اس امتحان میں بھی پورے اترے۔ اب میں تم کو امام علیہ السلام کی خدمت میں بھیجتا ہوں۔جاؤ اور ان کے احکام کی بلا عذر اطاعت کرو۔آج صفر کی 20 ہے رمضان کی 27 کو عید قائم قیامت ہو گی؛ اس تاریخ‌کو میں بھی وہاں آؤں گا اور شیخ طور معنی بھی وہاں موجود ہونگے۔ اگر اتنے دنوں‌میں‌تم نے امام قائم قیامت پر اپنی اطاعت کیشی و عقیدت کا پورا اثر ڈال دیا تو میں بھی تمھاری سفارش کروں‌گا اور طور معنی بھی کریں‌گے اور اسی وقت تم کو زمرد سے ملنے میں کامیابی بھی حاصل ہو گی مگر خیال رکھو کہ اس اعلیٰ دربار امامت میں انسان کے سر سے بہت سے تکلیفات شروعیہ اٹھ جاتے ہیں۔وہاں‌کی عبادت صرف اطاعت و انقیاد ہے۔ اور اس میں کوتاہی ہوئی تو پھر ا س کا علاج نہ میرے پاس ہے اور نہ کسی اور شخص کے پاس۔اس در کا راندہ مردود ازلی اور رحمت الٰہی سے ہیشہ کے لیے محروم ہے۔ حسین: میں کسی حکم سے سرتابی نہ کروں‌گا۔ شیخ:‌وہ ایسا مقام بھی نہیں جہاں‌تم اپنے دل کے شکوک اسی بے تکلفی سے ظاہر کر دیا کرو جس طرح‌میرے سامنے کرتے رہے ہو۔ حسین:‌کبھی کسی امر میں شک نہ کروں گا۔ شیخ: اگر اتنے مضبوط ہو تو کل صبح کو تم یہاں سے روانہ ہوکے التمونت کی راہ لو۔ میں‌ایک خط دوں‌گا اسے لے امام کی خدمت میں‌حاضر ہونا اور جب تک وہاں‌سے یا مجھ سے کوئی اور حکم نہ ملے اس دربار کو نہ چھوڑنا۔ حسین: ہرگز نہیں۔اور یہ کہہ کے اس نے پھر شیخ‌کے قدم چوم لیے۔ دوسرے دن علی الصباح‌وہ شیخ علی وجودی سے خط سفارشی لے کے رخصت ہوا اور مشرق کی راہ لی۔چند روز میں‌ اصفہان ہوتا ہوا علاقہ رودبار میں‌پہنچا۔ اس سفر میں‌وہ اپنے ہم مذہبوں‌کو حوروں‌ کے بوسے کے نشان سے کہے سنے اور بنائے بغیر پہچان لیا کرتا تھا جو ہر شہر اور گاؤں ‌میں‌اسے ملتے اور اس کے ساتھ نہایت ہی خلوص اور عقیدت سے پیش آتے۔ دیلم کے ایک گاؤں‌میں‌ایک باطنی شخص جو اپنی پیشانی کے نشان سے بتا رہا تھا کہ وہ بھی جنت الفردوس کی ہوا کھا آیا ہے،حسین کو نہایت ہی خلوص و پاک دلی سے اپنے گھر لے آیا اور کئی دن تک مہمان رکھا۔ اس شخص کے گھر پر ایک صحبت میں کئی ایسے باطنی ہوئے جن کو اسی دو سال کے اندر جنت کی ہوا کھلائی گئی تھی۔لوگوں‌نے صحبت کو اغیار سے خالی اور اپنے ہم خیال لوگوں ہی پر محدود دیکھ کے باہم جنت کا بیان شروع کیا۔ اثنائے کلام میں ایک شخص بولا: " مگر مجھے جنت میں‌بھی ایک تمنا رہ گئی۔" دوسرا: (حیرت سے ) وہ کیا؟ پہلا: وہاں‌ایک ایسی دلفریب نازنین نظر آئی کہ دل بے اختیار ہاتھ سے نکل گیا،لیکن خدا جانے کیا بات تھی کہ ہزار کوشش کی مگر اس آفت زمانہ حور نے بات کا جواب تک نہ دیا۔ دوسرا: واقعی تعجب کا مقام ہے۔جنت میں‌تو ایسا نہ ہونا چاہیے۔کسی حور کی طرف تمھارے دل کو میلان ہو اور وہ التفات نہ کرے تو یقیناً سارا لطف خاک میں‌مل جائے گا۔یہ سن کے ایک تیسرا شخص بول اُٹھا: "حقیقت میں اس قسم کے بعض‌تقصانات وہاں‌انسان کو نظر آ جاتے ہیں۔اس مسئلے کو میں نے شیخ‌کے سامنے بھی پیش کیا تھا جنھوں‌نے بہت آسانی سے میرا اطمینان کر دیا۔اُنھوں نے بڑے جوش و خروش سے کہا تھا اور گویا اس وقت بھی میرے کانوں‌میں‌کھڑے کہہ رہے ہیں: " تم اپنے مادی پیکر کے ساتھ ہزارہا کثافتیں اور دنائتیں لے کر تو اس عالم نور میں جاتے ہو اور پھر امید کرتے ہو کہ سروشستان کو اسی پاک و مجرد حثیت۔ سے دیکھو جس طرح‌غیر مادی آنکھیں‌دیکھتی ہیں۔یہ خود تمھارے نقصان اور تمھارے مادی عجز ہیں‌جو اس حیز نور کو معیوب دکھاتے ہیں۔" پہلا: اور ہاں‌میں نے یہ بھی سنا تھا کہ اس حور کو وہ تجرد بھی حاصل نہیں‌ہوا جو اوروں‌کو ہے ،اس لیے کہ اس کے مادی تعلقات منقطع نہیں‌ہونے پائے تھے۔ دوسرا: بے شک یہی سبب ہو گا،اول تو اس حور میں ذاتاً یہ نقصان موجود تھا، پھر تمھیں اپنی مادی آنکھوں‌ سے اور زیادہ بدنما نظر آیا۔ حسین: (کسی قدر تعلق خاطر سے ) اور کچھ یہ بھی معلوم ہوا کہ اس حور کا نام کیا تھا؟ پہلا:‌ ہاں‌ مجھے بتایا گیا کہ اس کا نام زمرد ہے اور میری حور نے جس کے آغوش کا مزہ مجھے زندگی بھر نہ بھولے گا، یہ بھی بتایا کہ اسے کسی خاکی پیکر سے اس قدر تعلق ہے کہ جنت کی سیر کرنے والوں‌ میں‌ کسی کی طرف التفات نہیں کرتی۔ دوسرے دن حسین یہاں ‌سے رخصت ہو کے آگے روانہ ہوا اور دو ہی چار روز میں‌ قلعہ التمونت کے پھاٹک پر کھڑا تھا۔