فصل گل ساتھ لیے باغ میں کیا آتی ہے

فصل گل ساتھ لیے باغ میں کیا آتی ہے
by شیخ علی بخش بیمار
303612فصل گل ساتھ لیے باغ میں کیا آتی ہےشیخ علی بخش بیمار

فصل گل ساتھ لیے باغ میں کیا آتی ہے
بلبل نغمہ سرا رو رو بقضا آتی ہے

دل دھڑکتا ہے یہ کہتے ہوئے اس محفل میں
یاں کسی کو خفقاں کی بھی دوا آتی ہے

آج وہ شوخ ہے اور کثرت آرائش ہے
دیکھ کس واسطے پسنے کو حنا آتی ہے

کیا کھلے باغ میں وہ چشم حجاب آلودہ
آنکھ اٹھاتے ہوئے نرگس کو حیا آتی ہے

جاں کنی حسن پرستوں کو گراں کیا گزرے
بھیس میں حور بہشتی کے قضا آتی ہے

اس لیے رشک چمن باغ میں گل ہنستے ہیں
کہ اڑاتی تری رفتار صبا آتی ہے

مرض عشق سے بیمارؔ جو گھبراتا ہے
یار کہتا ہے مجھے خوب دوا آتی ہے


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.