فقیرانہ ہے دل مقیم اس کی رہ کا

فقیرانہ ہے دل مقیم اس کی رہ کا
by انشاء اللہ خان انشا
294616فقیرانہ ہے دل مقیم اس کی رہ کاانشاء اللہ خان انشا

فقیرانہ ہے دل مقیم اس کی رہ کا
غرض کیا کہ محتاج ہو بادشہ کا

خدنگ آہ کا اے فلک بے طرح ہے
بھروسا تو تاروں کی مت کر زرہ کا

خرابات کی جب سے لذت پڑی ہے
چھٹا بیٹھنا مسجد و خانقہ کا

طواف حرم تجھ کو زاہد مبارک
مرا اور تیرا نہیں ساتھ رہ کا

صنم خانہ جاتا ہوں تو مجھ کو ناحق
نہ بہکا نہ بہکا نہ بہکا نہ بہکا

ترے منہ سے کچھ بو جو آتی ہے مے کی
دماغ دل اس وقت جاتا ہے مہکا

رقیبوں کے دل چاک مثل کتاں ہوں
گزار اس طرف ہو اگر اپنے رہ کا

تری آشنائی میں کیا ہم نے پایا
دیا نقد دل اور اپنی گرہ کا

چمک کر تو اے برق مت مار چشمک
تو مستوں کی آتش کو مت اور دہکا

تبھی لطف ہے ساقیا مے کشی کا
کہ تو بھی بہک اور مجھ کو بھی بہکا

کبھی تجھ سے انشاؔ نے بوسہ نہ مانگا
گناہ گار ہے وہ فقط اک نگہ کا


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.