لطف وفا نہیں کہ وہ بیداد گر نہیں

لطف وفا نہیں کہ وہ بیداد گر نہیں
by محمد دین تاثیر
319024لطف وفا نہیں کہ وہ بیداد گر نہیںمحمد دین تاثیر

لطف وفا نہیں کہ وہ بیداد گر نہیں
خاموش ہوں کہ میری فغاں بے اثر نہیں

تیرے بغیر تلخی کام و دہن حرام
درد جگر ہے لذت درد جگر نہیں

سجدوں سے نامراد ہے جلووں سے ناامید
وہ رہ گزر کہ اب جو تری رہ گزر نہیں

تم کیا گئے کہ سارا زمانہ چلا گیا
وہ رات دن نہیں ہیں وہ شام و سحر نہیں

ہر ہر روش معاملۂ حسن و عاشقی
ہر ہر قدم فروغ جمال نظر نہیں

بے باک چال چال سے بیباک تر نظر
اب حسن تو بہت ہے مگر فتنہ گر نہیں

زخموں سے چور قافلے پر خار راستے
اس میں ترا قصور تو اے راہبر نہیں

دنیائے چشم و گوش تو برباد ہو گئی
اب کچھ بغیر معرکۂ خیر و شر نہیں


This work is now in the public domain in Pakistan because it originates from Pakistan and its term of copyright has expired. According to Pakistani copyright laws, all photographs enter the public domain fifty years after they were published, and all non-photographic works enter the public domain fifty years after the death of the creator.