ملا بھی یہ تو اسے پھر خدا نہیں ملتا

ملا بھی یہ تو اسے پھر خدا نہیں ملتا
by ریاض خیرآبادی

ملا بھی یہ تو اسے پھر خدا نہیں ملتا
نہیں نہیں دل بے مدعا نہیں ملتا

وہ کہہ رہے ہیں کہ ان کو خدا نہیں ملتا
کوئی ہمارے سوا دوسرا نہیں ملتا

مٹے ہوؤں کا الٰہی پتا نہیں ملتا
رہ عدم میں کہیں نقش پا نہیں ملتا

حنا سے خون کسی غیر کا ملا ہوگا
ہمارے خون سے رنگ حنا نہیں ملتا

زمین پر کبھی ان کے قدم نہیں پڑتے
کہ سجدہ کرنے کو بھی نقش پا نہیں ملتا

نکل کے دیکھتے کیا ہے ہوا زمانے کی
در قفس کبھی ہم کو کھلا نہیں ملتا

لحد سے اٹھ کے کہاں جائیے قیامت ہے
وہ بھیڑ ہے کہ کہیں راستہ نہیں ملتا

اچھوتے جام ہیں منت کے کچھ الگ رکھے
کسے پلائیں کوئی پارسا نہیں ملتا

یہ آس لائی ہے ساقی کے آستانے پر
در کریم سے سائل کو کیا نہیں ملتا

بری طرح لب شیریں کسی نے چوسے ہیں
کہ گالیوں میں تری اب مزا نہیں ملتا

بجا کے دیکھے ہیں ناقوس ہم نے وقت اذاں
ریاضؔ آپ کا ان سے گلا نہیں ملتا

This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author.

Public domainPublic domainfalsefalse