ملتے ہی بے باک تھی وہ آنکھ شرمائی ہوئی

ملتے ہی بے باک تھی وہ آنکھ شرمائی ہوئی
by داغ دہلوی
331812ملتے ہی بے باک تھی وہ آنکھ شرمائی ہوئیداغ دہلوی

ملتے ہی بے باک تھی وہ آنکھ شرمائی ہوئی
پھر گئی پچھتا کے پلکوں تک حیا آئی ہوئی

ہر ادا مستانہ سر سے پاؤں تک چھائی ہوئی
اف تری کافر جوانی جوش پر آئی ہوئی

مجھ کو یہ دعوی کوئی تیرے سوا دل میں نہیں
اس کا یہ الزام اچھی قید تنہائی ہوئی

بھولے بن کر ان کے منہ سے سن لیا حال رقیب
عمر بھر میں ایک ہی تو ہم سے دانائی ہوئی

بوسہ لے کر جان ڈالی غیر کی تصویر میں
یہ نیا اعجاز یہ اچھی مسیحائی ہوئی

دیکھ کر قاتل کی آمد داغؔ دل میں شاد شاد
اور غم خواروں کے منہ پر مردنی چھائی ہوئی


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.