نہ کر تلاش اثر تیر ہے لگا نہ لگا

نہ کر تلاش اثر تیر ہے لگا نہ لگا
by آرزو لکھنوی
318286نہ کر تلاش اثر تیر ہے لگا نہ لگاآرزو لکھنوی

نہ کر تلاش اثر تیر ہے لگا نہ لگا
جو اپنے بس کا نہیں اس کا آسرا نہ لگا

حیات لذت آزار کا ہے دوسرا نام
نمک چھڑک تو چھڑک زخم پر دوا نہ لگا

مرے خیال کی دنیا میں اس جہاں سے دور
یہ بیٹھے بیٹھے ہوا گم کہ پھر پتا نہ لگا

خوشی یہ دل کی ہے اس میں نہیں ہے عقل کو دخل
برا وہ کہتے رہے اور کچھ برا نہ لگا

چمک سے برق کی کم تر ہے وقفۂ دیدار
نظر ہٹی کہ اسے ہاتھ اک بہانہ لگا

مری تلاش تھی تشویش دیدۂ بے نور
وہ ملتے کیا مجھے اپنا ہی جب پتا نہ لگا


This work is now in the public domain in Pakistan because it originates from Pakistan and its term of copyright has expired. According to Pakistani copyright laws, all photographs enter the public domain fifty years after they were published, and all non-photographic works enter the public domain fifty years after the death of the creator.