نیا آذر
by مصطفٰی زیدی
319168نیا آذرمصطفٰی زیدی

مری رفیق طرب گاہ تیری آمد پر
نئے سروں میں نئے گیت گائے تھے میں نے

نفس نفس میں جلا کر امید کے دیپک
قدم قدم پہ ستارے بچھائے تھے میں نے

ہوا کے لوچ گلی سے نکھار مانگا تھا
ترے جمال کا چہرہ سنوارنے کے لئے

کنول کنول سے خریدی تھی حسرت دیدار
نظر نظر کو جگر میں اتارنے کے لئے

بہت سے گیت چھلکتے رہے افق کے قریب
بہت سے پھول برستے رہے فضاؤں میں

الجھ الجھ گئی مجروح زیست کی گرہیں
بکھر بکھر گئیں انگڑائیاں خلاؤں میں

میں پوچھتا ہوں کہ اے رنگ و نور کی دیوی
علاج تیرہ شبی کیا اسی کو کہتے ہیں

بجھے بجھے سے یہ مفلس دیے نہ جانے کیا
سلگ سلگ کے تری بے حسی کو کہتے ہیں

یہ گیت سر بہ گریباں ہیں تیرے جانے سے
یہ نو عروس ستارے بڑھا رہے ہیں سہاگ

کلی کلی کو تری بے رخی کا شکوہ ہے
نفس نفس سے نکلتی ہے ایک ایسی آگ

جسے بجھاؤں تو دل زمہریر ہو جائے
ترا عظیم تصور حقیر ہو جائے


This work is now in the public domain in Pakistan because it originates from Pakistan and its term of copyright has expired. According to Pakistani copyright laws, all photographs enter the public domain fifty years after they were published, and all non-photographic works enter the public domain fifty years after the death of the creator.