وعدۂ وصل یار نے مارا

وعدۂ وصل یار نے مارا (1930)
by سید واجد علی فرخ بنارسی
324278وعدۂ وصل یار نے مارا1930سید واجد علی فرخ بنارسی

وعدۂ وصل یار نے مارا
لذت انتظار نے مارا

جلوۂ گل عذار نے مارا
ایک جان بہار نے مارا

پائمال غم حوادث ہوں
ستم روزگار نے مارا

نہ کھلا عقدۂ فریب شہود
دیدۂ اعتبار نے مارا

دست جور خزاں کا کیا شکوہ
مجھ کو جوش بہار نے مارا

جبر اور وہ بھی کس غضب کا جبر
تہمت اختیار نے مارا

دے کے فرخؔ مجھے پیام وفا
اک تغافل شعار نے مارا


This work is in the public domain in the United States because it was first published outside the United States (and not published in the U.S. within 30 days), and it was first published before 1989 without complying with U.S. copyright formalities (renewal and/or copyright notice) and it was in the public domain in its home country on the URAA date (January 1, 1996 for most countries).