پردۂ چشم سے لہو نکلا
پردۂ چشم سے لہو نکلا
قطرہ بادل سے سرخ رو نکلا
سخت باتوں سے اس کا دل ٹوٹا
سنگ دل شوخ تند خو نکلا
ہے بجا مار آستیں کہنا
رہ کے پہلو میں دل عدو نکلا
آنکھ کا عشق میں قصور نہیں
دل سراسر مرا عدو نکلا
ایک گل ہی پہ کچھ نہیں موقوف
وہ ہزاروں سے خوبرو نکلا
مے کے پینے میں رات بھر زاہد
نہ تو ہم نکلے اور نہ تو نکلا
آئنہ کل ہوا تھا خانہ نشیں
آج کیوں تیرے روبرو نکلا
جائے کیوں کر کہیں دل وحشی
بستۂ زلف مو بہ مو نکلا
شوق ابرو میں تیرے بدر منیر
ماہ نو بن کے قبلہ رو نکلا
مے پئیں برشکال آئی ہے
سبزہ دنیا میں چار سو نکلا
تجھ سے شرما کے شام مہر چھپا
صبح نکلا تو رد رو نکلا
چشم وحدت پرست وا جو ہوئی
میں نے دیکھا تو مجھ میں تو نکلا
محتسب تو بھی صورت زاہد
دشمن ساغر و سبو نکلا
دوست سمجھے تھے ہم جسے طالبؔ
دشمن جان و آبرو نکلا
This work is in the public domain in the United States because it was first published outside the United States (and not published in the U.S. within 30 days), and it was first published before 1989 without complying with U.S. copyright formalities (renewal and/or copyright notice) and it was in the public domain in its home country on the URAA date (January 1, 1996 for most countries). |