کب نگہ اس کی عشوہ بار نہیں

کب نگہ اس کی عشوہ بار نہیں
by مصطفٰی خان شیفتہ
297509کب نگہ اس کی عشوہ بار نہیںمصطفٰی خان شیفتہ

کب نگہ اس کی عشوہ بار نہیں
کب نگاہیں کرشمہ زار نہیں

غیر پر رحم یہ کسے آیا
تم تو مانا ستم شعار نہیں

یاں فغاں سے لہو ٹپکتا ہے
میں نواسنج شاخسار نہیں

کلفت دل سے ہے جو آلودہ
گوہر اشک آبدار نہیں

ہم ہیں ایسے فراخ رو درویش
محفل پادشہ سے عار نہیں

نہ جلا خانۂ عدو تو نہ ہنس
شعلۂ آہ ہے شرار نہیں

باغ بے صرفہ چل کے کیا کیجے
جن سے تھی باغ کی بہار نہیں

بادہ بیہودہ پی کے کیا کیجے
اب وہ ساقی نہیں وہ یار نہیں

اے منجم عبث یہ نادانی
تو کچھ اندازہ دان کار نہیں

تو روش یاب مہر و ماہ غلط
تو اداسنج روزگار نہیں

واقف اسرار آسمانی سے
جز حریفان بادہ خوار نہیں

چڑھ گئے ہیں کسی کے پھر دم پر
شیفتہؔ آج بے قرار نہیں


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.