کھٹک نے دل کی دیا زخم بے نشاں کا پتا
کھٹک نے دل کی دیا زخم بے نشاں کا پتا
نہ اس دہن میں فغاں تھی نہ تھا زباں کا پتا
سر نیاز جھکانے کی خو تو پیدا کر
جبین شوق لگا لے گی آستاں کا پتا
ستم دبا نہ سکا آپ کے شہیدوں کو
جفا مٹا نہ سکی خون بے کساں کا پتا
رگ بریدہ پکارے گی نام قاتل کا
کفن بتائے گا اس تیغ خوں چکاں کا پتا
اسی قدر تو ہے سرمایۂ تجسس عقل
کہ کچھ زمیں کی خبر ہے کچھ آسماں کا پتا
دل تپاں تھا کہیں چشم خونفشاں تھی کہیں
قدم قدم پہ ملا کوچۂ بتاں کا پتا
اسیر دام محبت سے پوچھئے بیتابؔ
کمند طرۂ مشکین دلستاں کا پتا
This work is now in the public domain because it originates from India and its term of copyright has expired. According to The Indian Copyright Act, 1957, all documents enter the public domain after sixty years counted from the beginning of the following calendar year (ie. as of 2024, prior to 1 January 1964) after the death of the author. |