گلے سے دل کے رہی یوں ہے زلف یار لپٹ
گلے سے دل کے رہی یوں ہے زلف یار لپٹ
کہ جوں سپیرے کی گردن میں جائے مار لپٹ
مزے اٹھاتے کمر بند کی طرح سے اگر
کمر سے یار کی جاتے ہم ایک بار لپٹ
ہمارے پاس وہ آیا تو کھول کر آغوش
یہ چاہا جاویں ہم اس سے بہ انکسار لپٹ
وہیں وہ دور سرک کر عتاب سے بولا
ہمارے ساتھ نہ ہو کر تو بے قرار لپٹ
ہمیں جو چاہیں تو لپٹیں نظیرؔ اب ورنہ
تو چاہے لپٹے سو ممکن نہیں ہزار لپٹ
This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago. |