ہر ایک کو ہر مرتبہ حاصل نہیں ہوتا

ہر ایک کو ہر مرتبہ حاصل نہیں ہوتا (1923)
by عبد الہادی وفا
324851ہر ایک کو ہر مرتبہ حاصل نہیں ہوتا1923عبد الہادی وفا

ہر ایک کو ہر مرتبہ حاصل نہیں ہوتا
آئینہ سکندر کے مقابل نہیں ہوتا

بے لطف ہے وہ کام مصیبت نہیں جس میں
بے قدر ہے وہ عقدہ جو مشکل نہیں ہوتا

تم وصل میں دیوانگئ شوق سے ڈرنا
میں کشمکش ناز سے بیدل نہیں ہوتا

کس کام کا اے قیس ترا چاک گریباں
لیلیٰ کا اگر پردۂ محمل نہیں ہوتا

میں خرمن امید ہوں تو برق غضب ہے
تجھ سے بجز افسوس کے حاصل نہیں ہوتا

کیا ظلم ہے بے پردہ اسے غیر نے دیکھا
کیوں پردہ مری آنکھ کا حائل نہیں ہوتا

نالے سے نہ کیوں درد جگر اور بھی بڑھتا
دشنے سے سوا زخم کے حاصل نہیں ہوتا

ہوں مثل حباب اور کہیں قطرہ ہوں کہیں موج
میں ذوق فنا سے کبھی غافل نہیں ہوتا

کہتے ہیں مرے زخم یہ ہنس ہنس کے مزہ میں
ایسا نمکیں خندۂ قاتل نہیں ہوتا

ہاں غیر بھی کیا دعویٔ الفت میں ہے جھوٹا
کہتے ہو کسی پر کوئی مائل نہیں ہوتا

کھویا تمہیں عشاق کی بے حوصلگی نے
محشر میں تمہارا کوئی سائل نہیں ہوتا

جادہ پہ چلے جاتے ہیں جو راست قدم ہیں
یہ خضر جدا تا سر منزل نہیں ہوتا

اندازہ ہمت سے کوئی شے نہیں بڑھتی
یعنی خط ساغر خط ساحل نہیں ہوتا

ہر خال سیہ داغ جگر بن نہیں سکتا
ہر قطرۂ خوناب کبھی دل نہیں ہوتا

تجھ کو ہی مگر آگ لگانی نہیں آتی
کیا طور سے اچھا بھی کوئی دل نہیں ہوتا

دنیا سے وفاؔ سرد یہاں تک ہے مرا دل
میں سوز جہنم کا بھی قائل نہیں ہوتا


Public domain
This work is in the public domain in the United States but it may not be in other jurisdictions. See Copyright.

PD-US //wikisource.org/wiki/%DB%81%D8%B1_%D8%A7%DB%8C%DA%A9_%DA%A9%D9%88_%DB%81%D8%B1_%D9%85%D8%B1%D8%AA%D8%A8%DB%81_%D8%AD%D8%A7%D8%B5%D9%84_%D9%86%DB%81%DB%8C%DA%BA_%DB%81%D9%88%D8%AA%D8%A7