ہوئے ہم جب سے پیدا اپنے دیوانے ہوئے ہوتے

ہوئے ہم جب سے پیدا اپنے دیوانے ہوئے ہوتے
by ولی عزلت
299443ہوئے ہم جب سے پیدا اپنے دیوانے ہوئے ہوتےولی عزلت

ہوئے ہم جب سے پیدا اپنے دیوانے ہوئے ہوتے
خدا کو ہم پہنچتے خود سے بیگانے ہوئے ہوتے

مزا روشن دلی کا زندگانی ہے تجرد سے
ہم اپنے مثل شبنم آب اور دانے ہوئے ہوتے

موئے ہم انتظار نشہ سے خوشوں کے جا یا رب
ہویدا تاک سے پر بادہ پیمانے ہوئے ہوتے

ہوئیں گے خاک وسعت مشربی کی رہ گئی حسرت
ہم اول ہی سے مثل دشت ویرانے ہوئے ہوتے

رہے دنیا میں بے عیش اور شہود حق سے عقبیٰ میں
ہوئے زہاد کور اے کاش کے کانے ہوئے ہوتے

مئے عرفاں کا ظرف آدم ہی کو تھا گر ملک دیتے
تو سات ابلیس کے سرگرم یارانے ہوئے ہوتے

عبث تم منزوی مسجد میں ہو زہاد کیا حاصل
وہ صاحب اعتکاف کنج میخانے ہوئے ہوتے

ہوئے مستوں پہ گر تیغ زباں زن شیخ شیخی میں
جو اپنے نفس پرور ہوتے مردانے ہوئے ہوتے

اگر صدچاک ہو ہات اس کے لگتے عیش تھا عزلتؔ
دل عشاق سارے کاش کے شانے ہوئے ہوتے


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.