یوں وہ پیغام سے تو آئے گا

یوں وہ پیغام سے تو آئے گا
by داغ دہلوی

یوں وہ پیغام سے تو آئے گا
غیر کے نام سے تو آئے گا

شب ہجراں سے موت بہتر ہے
خواب آرام سے تو آئے گا

یوں نہ آئے گا ہاتھ گر وہ صنم
ترک‌ اسلام سے تو آئے گا

لے ہی تو آئیں گے اسے ہمدم
میرے ہی نام سے تو آئے گا

ساقیا مجھ سے بادہ کش کو سرور
ایک ہی جام سے تو آئے گا

دل کا آنا ہے کام سے جانا
جائے گا کام سے تو آئے گا

کبھی اپنا بھی روز خوش اے داغؔ
دور ایام سے تو آئے گا

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse