آئے ہیں ہم جہاں میں غم لے کر

آئے ہیں ہم جہاں میں غم لے کر
by حسرتؔ عظیم آبادی

آئے ہیں ہم جہاں میں غم لے کر
دل پر خوں و چشم نم لے کر

ساغر مے کہاں ہے اے گردوں
کیا کریں تیرا جام جم لے کر

وعدہ اقسام کر چکا تو خلاف
اب کے چھوڑوں گا میں قسم لے کر

اس کی محفل سے کب اٹھے گا رقیب
یہ سعادت بھرے قدم لے کر

تر و خشک جہاں پہ قانع رہ
دست دوراں سے بیش و کم لے کر

سر سے مارا کریں پڑے اپنے
گو شہاں طبل اور علم لے کر

راہ میں تیری ضعف سے حسرتؔ
چلے ہر ہر قدم میں دم لے کر

This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.

Public domainPublic domainfalsefalse