اب کی ہولی میں رہا بے کار رنگ

اب کی ہولی میں رہا بے کار رنگ
by بخش ناسخ
315757اب کی ہولی میں رہا بے کار رنگبخش ناسخ

اب کی ہولی میں رہا بے کار رنگ
اور ہی لایا فراق یار رنگ

سرخ رو کر دے شراب آئی بہار
ہے خزاں سے زرد اے خمار رنگ

ہونٹ اودے سبز خط آنکھیں سیاہ
چہرے کا سرخ و سفید اے یار رنگ

ہم کو سارے گلشن آفاق میں
بس پسند آئے یہی دو چار رنگ

غیر سے کھیلی ہے ہولی یار نے
ڈالے مجھ پر دیدۂ خوں بار رنگ

کس کی ہولی جشن نو روزی ہے آج
سرخ مے سے ساقیا دستار رنگ

ہجر جاناں میں ٹھہرتا ہی نہیں
کیا ہی میرے منہ سے ہے بیزار رنگ

کیا ہے گرگٹ آسماں کے سامنے
بدلے اک اک دم میں سو سو بار رنگ

آتی ہے او قیس لیلیٰ دشت میں
خون پا سے جلد اب پر خار رنگ

دھوپ ہے پر میرے روز ہجر کا
ہے برنگ سایۂ دیوار رنگ

ہو گیا کیوں زرد ناسخؔ کیا کہوں
ہے زمانے کا عجب اے یار رنگ


This work was published before January 1, 1929, and is in the public domain worldwide because the author died at least 100 years ago.